مدینہ منورہ ۔ نمائندہ نوائے وقت
پاکستان اور بنگلہ دیش کے تعلقات نئی بلندیوں پر پہنچ گئے ہیں۔ نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی کامیاب خارجہ پالیسیوں کا تسلسل جاری ہے، جس کے نتیجے میں دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعلقات مزید مستحکم ہوئے ہیں۔ صدر مسلم لیگ ن مدینہ منورہ جاوید اقبال بٹ نے اس پیشرفت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان بڑھتے ہوئے تعاون خطے کے امن و ترقی کے لیے نہایت اہم ہے۔ گزشتہ روز ڈھاکا میں دونوں ممالک کے درمیان چھ اہم معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوئے، جن میں ویزا فری معاہدہ، تجارتی تعاون، میڈیا، اسٹریٹجک اسٹڈیز اور فارن سروس اکیڈمیز کے درمیان اشتراک شامل ہیں۔ یہ پیشرفت وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے 13 سال بعد پہلے دورۂ بنگلہ دیش کے موقع پر سامنے آئی، جسے پاکستان اور بنگلہ دیش کے تعلقات میں ایک نئے باب کا آغاز قرار دیا جا رہا ہے۔