– Advertisement –
اسلام آباد۔13ستمبر (اے پی پی):وزارتِ خارجہ کے ایڈیشنل سیکرٹری برائے افریقہ سفیر حامد علی اصغر نے کہا ہے کہ پاکستان افریقہ کے ساتھ اپنی شراکت داری کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، افریقہ بے پناہ مواقع اور امکانات کی سرزمین ہے،’’انگیج افریقہ پالیسی‘‘ کے تحت پاکستان تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم اور ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کیلئے پرعزم ہے۔وہ اپنی رہائش گاہ پر غیر ملکی سفیروں اور ممتاز شخصیات کے اعزاز میں دیئے گئے سفارتی عشائیے سے خطاب کر رہے تھے۔
عشائیے میں سری لنکا، قازقستان، میانمار، کینیا، سوڈان، روانڈا، صومالیہ، زمبابوے اور ایتھوپیا کے سفراکے علاوہ اعلیٰ سول و عسکری حکام، اعزازی قونصلرز، پارلیمنٹیرینز، بزنس کمیونٹی اور میڈیا کے نمائندگان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔اہم شرکاء میں رکن قومی اسمبلی اسفند یار بھنڈارا، سابق وفاقی وزیر دانیال عزیز، وفاقی سیکرٹری جودت ایاز، سابق سیکرٹری عارف عظیم، سابق ایم ڈی پی ٹی وی مبشر توقیر،
– Advertisement –
ڈائریکٹر پی ای ایل شہباز ظہیر، میجر جنرل ضیاء، سینیٹر ولید اقبال، آزاد کشمیر کے وزیر فیصل راٹھور، گھانا کے اعزازی قونصل جنرل عمر شاہد بٹ اور سینئر صحافی فیصل زاہد ملک اور ملک منظور احمد سمیت دیگر نمایاں شخصیات شامل تھیں۔شرکا نے تقریب کو ایک منفرد سفارتی اجتماع قرار دیا جو پاکستان کے افریقہ کے ساتھ گہرے تعلقات اور عوامی سطح پر دوستی و تعاون کے فروغ کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
– Advertisement –