کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں آج شدید مندی کا رجحان دیکھا گیا، جس کے نتیجے میں کے ایس ای 100 انڈیکس تقریباً 1700 پوائنٹس گر کر 1,54,440 کی سطح پر آ گیا۔
سرکاری خبر رساں ادارے اے پی پی کی رپورٹ کے مطابق، انڈیکس میں 1,701 پوائنٹس یا 1.09 فیصد کی کمی ہوئی، جو گزشتہ کاروباری دن کے 1,56,141 پوائنٹس کے مقابلے میں نمایاں گراوٹ ہے۔
گزشتہ روز تقریباً 127 کروڑ 99 لاکھ حصص کے مقابلے میں آج مجموعی طور پر 98 کروڑ 75 لاکھ حصص کی خرید و فروخت ہوئی۔ اسی طرح مارکیٹ کا مجموعی حجم بھی کم ہو کر 50.207 ارب روپے سے گھٹ کر 39.911 ارب روپے تک پہنچ گیا۔
اس دوران 476 کمپنیوں کے شیئرز کا لین دین ہوا، جن میں سے 180 کے شیئرز کی قیمت میں اضافہ اور 263 کے داموں میں کمی ریکارڈ کی گئی، جبکہ 33 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں دیکھی گئی۔
واضح رہے کہ 8 ستمبر کو مارکیٹ میں تیزی کا رجحان تھا اور کے ایس ای 100 انڈیکس 1,776 پوائنٹس کی بڑھوتری کے ساتھ 1,56,000 کی بلندی عبور کر چکا تھا، مگر آج مارکیٹ میں نمایاں مندی کا رجحان دیکھا گیا۔