اسلام آباد:ٹک ٹاکر اور سوشل میڈیا انفلوئنسر سامعہ حجاب کے اغوا اور دھمکیوں کے کیس کا غیر متوقع اختتام ہو گیا ہے، جب انہوں نے اپنے سابق منگیتر حسن زاہد کو فی سبیل اللّٰہ معاف کرتے ہوئے مقدمہ واپس لے لیا۔
ذرائع کے مطابق، دونوں فریقین کے درمیان غیر مشروط صلح ہو چکی ہے۔ سامعہ نے نہ صرف الزامات واپس لیے، بلکہ حسن زاہد نے بھی اپنی غلطیوں کا اعتراف کرتے ہوئے سامعہ سے معافی مانگ لی۔
یاد رہے کہ سامعہ نے حسن پر اغوا کی کوشش اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے کا الزام عائد کیا تھا، جس پر مقدمہ تھانہ شالیمار میں درج کیا گیا اور عدالت نے حسن زاہد کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا تھا۔
بعد ازاں دونوں کی مشترکہ ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں، جس کے بعد سامعہ کو تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ سامعہ نے وضاحت دی کہ حسن زاہد ان کا سابق منگیتر تھا۔اب صلح کے بعد مقدمہ باضابطہ طور پر ختم کر دیا گیا ہے۔