ویمنز ورلڈ کپ کے لیے انعامی رقم کا اعلان، جیتنے والی ٹیم کتنے کی حق دار ہوگی؟ - Sports

ویمنز ورلڈ کپ کے لیے انعامی رقم کا اعلان، جیتنے والی ٹیم کتنے کی حق دار ہوگی؟ – Sports

ویمنز ورلڈ کپ کے لیے انعامی رقم کا اعلان، جیتنے والی ٹیم کتنے کی حق دار ہوگی؟ - Sports

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ویمنز ون ڈے کرکٹ ورلڈ کپ کے لیے ریکارڈ انعامی رقم کا اعلان کیا ہے جو انعامی رقم کے لحاظ سے تاریخی ہے۔

آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ 2025 کے آغاز میں ایک ماہ سے بھی کم وقت باقی ہے اور ایسے میں عالمی کرکٹ کی گورننگ باڈی کی جانب سے میگا ایونٹ کے لیے انعامی رقم میں بڑے اضافے کا اعلان کیا گیا ہے۔

بھارت اور سری لنکا میں 30 ستمبر سے شروع ہونے والے 8 ٹیموں پر مشتمل ورلڈ کپ کی مجموعی انعامی رقم 13.88 ملین امریکی ڈالر مقرر کی گئی ہے، جو پاکستانی روپے میں 3 ارب 92 کروڑ سے زائد بنتی ہے۔ انعامی رقم 2022 کے ویمنز ورلڈ کپ کے مقابلے میں 4 گنا زیادہ ہے۔

پچھلے ایڈیشن میں نیوزی لینڈ میں مجموعی انعامی رقم 3.5 ملین ڈالر تھی تاہم اس بار انعامی رقم اس میں 297 فیصد اضافہ کیا گیا ہے، جو 2 سال قبل بھارت میں کھیلے گئے مینز ورلڈ کپ 2023 کی 10 ملین ڈالر انعامی رقم سے بھی زیادہ ہے۔

ویمنز ورلڈ کپ کے 13ویں ایڈیشن کی فاتح ٹیم کو 4.48 ملین ڈالر (فاتح ٹیم کو ایک ارب 26 کروڑ سے زائد) دیے جائیں گے جو 2022 میں آسٹریلیا کو ملنے والی 1.32 ملین ڈالر انعامی رقم کے مقابلے میں 239 فیصد زیادہ ہے۔

اس کے علاوہ رنرز اپ ٹیم کو 2.24 ملین ڈالر (63 کروڑ 39 لاکھ سے زائد) ملیں گے جو 3 سال پہلے انگلینڈ کو ملنے والے 6 لاکھ ڈالر کے مقابلے میں 273 فیصد زیادہ ہے۔

سیمی فائنل ہارنے والی دونوں ٹیمیں فی کس 1.12 ملین ڈالر وصول کریں گی، گروپ اسٹیج میں شرکت کرنے والی ہر ٹیم کو کم از کم 2.5 لاکھ ڈالر (7 کروڑ 7 لاکھ روپے) جبکہ ہر جیت پر 34 ہزار 314 ڈالر اضافی انعام ملے گا۔

پانچویں اور چھٹے نمبر پر آنے والی ٹیموں کو فی کس 7 لاکھ ڈالر جبکہ ساتویں اور آٹھویں نمبر کی ٹیموں کو فی کس 2.8 لاکھ ڈالر ملیں گے۔

اس موقع پر آئی سی سی چیئرمین جے شاہ نے کہا کہ “انعامی رقم میں یہ 4 گنا اضافہ ویمنز کرکٹ کے لیے تاریخی لمحہ ہے اور یہ اس کھیل کی طویل مدتی ترقی کے ہمارے عزم کی عکاسی کرتا ہے، خواتین کرکٹرز کو وہی مقام اور سہولتیں ملیں گی جو مرد کھلاڑیوں کو حاصل ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ”ویمنز کرکٹ تیزی سے ترقی کر رہی ہے، یہ قدم اس کھیل کو مزید بلندیاں عطا کرے گا۔ ہم تمام اسٹیک ہولڈرز، شائقین اور میڈیا سے اپیل کرتے ہیں کہ خواتین کرکٹ کے فروغ میں اپنا کردار ادا کریں۔“

یاد رہے کہ آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ 30 ستمبر 2025 سے شروع ہوگا، جس کا افتتاحی میچ بھارت اور سری لنکا کے درمیان گوہاٹی میں کھیلا جائے گا جب کہ پاکستان ہائبرڈ ماڈل کے تحت اپنے تمام میچز سری لنکا میں کھیلے گا۔

یاد رہے کہ بھارت نے رواں سال پاکستان میں شیڈول چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان آنے سے انکار کردیا تھا جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان 2028 تک ہائبرڈ ماڈل پر اتفاق ہوا ہے جس کے تحت کسی بھی آئی سی سی ایونٹس میں دونوں ممالک ایک دوسرے کے ملک سفر کرنے کے بجائے کسی نیوٹرل وینیو پر کھیلیں گے۔