بھارتی ویمنز کرکٹ ٹیم کی کھلاڑی جمائمہ روڈریگس نے حال ہی میں ایک دلچسپ واقعہ بتایا ہے جس میں ویرات کوہلی، انوشکا شرما، اسمرتی مندھانا اور وہ خود شامل تھیں۔
جمائمہ روڈریگس نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ نیوزی لینڈ کے ایک کیفے میں ویرات کوہلی، انوشکا شرما، اسمرتی مندھانا اور انہیں ایک طویل ملاقات کے بعد عملے نے باہر جانے کا کہہ دیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ یہ ملاقات دراصل ایک غیر رسمی بیٹھک تھی جو ہوٹل کے اندر موجود کیفے میں اچانک ہوئی اور اس ہی ہوٹل میں بھارتی کرکٹ کے مرد و خواتین دونوں کی ٹیمیں ٹھہری ہوئی تھیں۔
جمائمہ اور اسمرتی، ویرات کوہلی سے بیٹنگ کے مشورے لینا چاہتی تھیں اور انوشکا شرما بھی اس ملاقات میں شریک ہوئیں جس کے بعد وہ یہ بھول ہی گئے کہ انہیں کیفے میں بیٹھے ہوئے کتنی دیر ہوچکی ہے۔
جمائمہ کا کہنا تھا کہ ’پہلے 30 منٹ کرکٹ پر بات ہوئی اور ویرات بھائی نے ہم سے کہا کہ آپ دونوں خواتین کرکٹ کو بدلنے کی طاقت رکھتی ہیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’یہ ملاقات تقریباً چار گھنٹے جاری رہی اور اس دوران بات چیت کرکٹ سے ہٹ کر زندگی کے دیگر پہلوؤں پر پہنچ گئی اور آخرکار کیفے کے عملے نے وقت زیادہ ہوجانے پر ہم سے کہا کہ اب ہم لوگ وہاں سے چلے جائیں۔
بھارتی خاتون کرکٹر نے کہا کہ ہم لوگ اپنی باتوں میں اس قدر گُم تھے کہ ہمیں وقت کا احساس ہی نہیں ہوا اور ہمیں کیفے سے ہی نکال دیا گیا۔