– Advertisement –
لاہور۔17ستمبر (اے پی پی):گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ علی پور اور دیگر سیلابی علاقوں میں متاثرین کے لئے مزید امدادی ٹرک روانہ کیے جائیں گے۔وکلا برادری نے ہمیشہ آئین اور جمہوریت کی پاسداری کے لئے ہراول دستہ کا کردار اداکیا۔ پیپلز پارٹی کی قیادت قربانیاں دینے اور جدوجہد کرنے والے کارکنان کو نہیں بھولتی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سلمان بہادر رانا ایڈووکیٹ کی قیادت میں عیش بہادر رانا لا ایسوسی ایٹس لاہور کے وکلااورعظیم حفیظ سیکرٹری اطلاعات پیپلز لائرز فورم پنجاب گوجرانوالا کی قیادت میں گوجرانوالہ بار کی خواتین وکلا کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا جنہوں نے گورنر ہائوس لاہور میں ان سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ حالیہ سیلاب کی تباہ کاریوں نے پنجاب بھر میں بڑے پیمانے پرغریب کسانوں کی فصلوں اورمال مویشیوں کو بہت بھاری نقصان پہنچایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مشکل صورتحال سے نمٹنے کے لئے وزیر اعظم سمیت تمام سیاسی جماعتیں سیلاب متاثرین پر توجہ دیئے ہوئے ہیں۔سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ صرف باتیں اور دکھاوا نہیں بلکہ عملی طور پر میں ، وزیر اعلیٰ پنجاب اور صوبائی کابینہ روزانہ کی بنیاد پر سیلاب متاثرین میں موجود ہیں اور ان کی بحالی میں مصروف عمل ہیں۔انہوں نے کہا کہ گورنر ہائوس سیلاب متاثرین کے لئے خشک راشن، میڈیکل کیمپ، ادویات اور دیگرضروریات زندگی کی اشیا مہیا کیں ہیں۔
– Advertisement –
گورنر پنجاب نے کہا کہ علی پور اور دیگر سیلابی علاقوں میں متاثرین کے لئے مزید امدادی ٹرک روانہ کیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ گورنر ہائوس میں ملاقات کے لئے آنے والے وفود بھی اس وقت سیلاب متاثرین کی مدد میں شامل ہورہے ہیں جو کہ قابل ستائش بات ہے۔انہوں نے کہا کہ وکلا برادری کو چاہئے کہ وہ سیلاب سے متاثرہ بہن بھائیوں کی امداد اور ان کی بحالی میں بھر پورکردار ادا کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ گورنر ہائوس میں بیٹھ کر تمام تر توانائیاں سیلاب زدگان کی مدد اور بحالی کے لئے استعمال کررہا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی مسلم لیگ ن کی اتحادی جماعت ہے اور ملک کی خاطر ایک پیج پر ہیں۔انہوں نے کہا کہ مخیر حضرات اور اوورسیز پاکستانیوں سے اپیل ہے کہ وہ سیلاب متاثرین اورغریب کسان جن کی فصلیں اور مال مویشی پانی میں بہہ گئے ان کی مدداور بحالی میں بھر پور حصہ لیں۔انہوں نے عیش بہادر رانا لا ایسوسی ایٹس کی پاکستان پیپلز پارٹی اور قانون کے شعبے کے لیے خدمات پر زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ عیش بہادر رانا( مرحوم ) جیسے عظیم لوگ پاکستان پیپلز پارٹی کا اثاثہ ہیں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ گورنر ہائوس کے دروازے وکلا سمیت ہر خاص و عام کے لیے کھلے ہیں۔اس موقع پر گوجرانوالا وکلابرادری کے وفد نے اس عزم کا اظہار کیا کہ گوجرانوالا بار کے وکلا چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ہراول دستے کی حیثیت رکھتے ہیں اور پاکستان پیپلز پارٹی کے نظریے اور جدوجہد کے آگے بڑھانے کے لئے ہمیشہ صف اول میں رہیں گے۔انہوں نے وکلا برادری کے مسائل بھی سنے انہیں حل کرنے کی یقینی دہانی کرائی۔
– Advertisement –