وفاقی کابینہ اجلاس کا اعلامیہ جاری، سیلابی صورتحال، موسمیاتی ایمرجنسی اور سیکیورٹی پر اہم فیصلے

وفاقی کابینہ اجلاس کا اعلامیہ جاری، سیلابی صورتحال، موسمیاتی ایمرجنسی اور سیکیورٹی پر اہم فیصلے

وفاقی کابینہ اجلاس کا اعلامیہ جاری، سیلابی صورتحال، موسمیاتی ایمرجنسی اور سیکیورٹی پر اہم فیصلے

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کی صدارت میں وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، جس میں ملک میں جاری سیلابی صورتحال، موسمیاتی تبدیلی، زرعی نقصانات اور قومی سلامتی کے اہم امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اعلامیے کے مطابق، سیلابی صورتحال کے تناظر میں وفاقی کابینہ نے موسمیاتی اور زرعی ایمرجنسی کی اصولی منظوری دے دی ہے۔ وزیراعظم جلد چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ اور دیگر حکام پر مشتمل اجلاس کی صدارت کریں گے تاکہ موسمیاتی تبدیلی کے مزید نقصانات کو کم کرنے کے لیے جامع لائحہ عمل تیار کیا جا سکے۔

کابینہ ارکان نے لاکھوں ایکڑ زرعی اراضی اور فصلوں کو پہنچنے والے نقصانات پر گہرائی سے روشنی ڈالی اور بنیادی ڈھانچے کی بحالی، زرعی نقصانات کے ازالے اور کسانوں کی معاونت کے لیے تجاویز دی گئیں۔

اسی طرح، وفاقی کابینہ نے سوشل میڈیا پر اداروں کے خلاف تضحیک آمیز مواد کی اشاعت کی شدید مذمت کی اور شرپسند عناصر کے خلاف سخت ایکشن لینے کی ہدایت دی۔

اعلامیے میں افواج پاکستان کے افسران اور جوانوں کو امن کے قیام کے لیے قربانیاں دینے پر سراہا گیا اور ان کی سرحدوں کی حفاظت میں دن رات خدمات کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ شرپسند عناصر کی ہر فورم پر حوصلہ شکنی کی جائے اور ان کو بھرپور جواب دینا قومی ذمہ داری ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ قوم اپنے شہدا اور ان کے اہلخانہ کی عظیم قربانیوں کو فراموش نہیں کر سکتی اور پوری قوم اپنے شہدا پر فخر کرتی ہے۔