– Advertisement –
ملتان۔ 19 ستمبر (اے پی پی):قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ حکومت سیلاب متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑے گی، وفاقی و صوبائی حکومتیں ، تمام ادارے بشمول فوج متاثرین کی خدمت میں مصروف عمل ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز سیلاب سے متاثرہ جلالپور پیر والا موٹروے انٹرچینج پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔این ایچ اے چیئرمین سے بریفنگ کے بعد سید یوسف رضا گیلانی نے بتایا کہ حالیہ سیلاب سے 17 لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں، 1112 دیہات زیرِ آب آ چکے ہیں اور 45 قیمتی جانیں ضائع ہو چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت متاثرین کو خیمے، خوراک ، راشن اور مویشیوں کیلئے چارہ کی ضرورت ہے، ریلیف کے بعد ہمارا فوکس بحالی اور تعمیر نو پر ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد متاثرین کو طویل المدتی منصوبہ بندی کے تحت دوبارہ گھروں میں آباد کرنا ہے ،اس سلسلے میں سیلاب متاثرہ عوام کو ہر ممکن مدد فراہم کریں گے۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مظفرگڑھ اور ملتان کے دورے کے دوران زرعی ایمرجنسی اور بجلی کے بلوں میں ریلیف دینے کا مطالبہ کیا تھا، اس حوالے سے بجلی کے بلوں میں ریلیف دے دیا گیا ہے، ہماری کوشش ہے کہ مستحق خاندانوں کو شفاف طریقے سے رقوم کی منتقلی یقینی بنائی جائے۔قائم مقام صدر نے زمرد خان کی جانب سے روزانہ چار سے پانچ ہزار افراد کو کھانا فراہم کرنے اور سیلاب متاثرین کے یتیم بچوں کیلئے تعلیمی امداد کے اعلان کو سراہا۔
– Advertisement –
انہوں نے ان افراد کا بھی شکریہ ادا کیا جو سیلاب متاثرین کے کیمپوں میں سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔قائم مقام صدر نے اس موقع پر مختار اے شیخ ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے 84 میڈیکل کیمپس فراہم کرنے پر بھی ان کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے سانپ کے کاٹنے کی ویکسین کی کمی کی نشاندہی کی اور دستیاب سٹاک کی ایکسپائری تاریخیں چیک کرنے کی ہدایت دی۔
اس موقع پر پاکستان سویٹ ہوم کے سربراہ زمرد خان نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ سیدہ فاطمہؓ دستر خوان روزانہ ہزاروں افراد کو پکا ہوا کھانا فراہم کر رہا ہے اور یہ سہولت دیگر علاقوں میں بھی بڑھائی جائے گی،سویٹ ہومز بھی ان علاقوں میں سرگرم ہیں اور مشکل کھڑی میں سیلاب متاثرین کو تحفظ دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اس موقع پر چیئرمین کشمیر کمیٹی قاسم نون، ایم این اے عبدالقادر گیلانی ،محمد نعیم خان اور دیگر مقامی رہنما و سیاستدان بھی موجود تھے۔
– Advertisement –