وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان اور وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کی زیر صدارت مشترکہ اجلاس

وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان اور وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کی زیر صدارت مشترکہ اجلاس

– Advertisement –

اسلام آباد۔11ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان اور وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے ریلوے ہیڈکوارٹرز لاہور میں مشترکہ اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں ریلوے میں جاری اصلاحات، مستقبل کے منصوبوں اور عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں وزراء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ریلوے کے انفراسٹرکچر میں بہتری اور مسافروں کو جدید سہولیات کی فراہمی کے لئے مشترکہ اقدامات کئے جائیں گے۔

وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے وفاقی وزیر مواصلات کو ریلوے اصلاحات کے حوالے سے بریفنگ دی اور بتایا کہ ریلوے سٹیشنوں کے فوڈ پوائنٹس پر فوڈ اتھارٹیوں کی انسپکشن قابلِ تقلید عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومتوں کے ساتھ شراکت داری کے ذریعے ریلوے انفراسٹرکچر میں مزید بہتری لائی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ریلوے کو آٹومیشن کی جانب لے جانا مشن ہے اور مقصد کے حصول کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

– Advertisement –

محمد حنیف عباسی نے کہا کہ ریلوے ملازمین کی محنت اور لگن کی بدولت بدترین سیلاب کے دوران بھی مین لائن ون ایک دن کے لئے بند نہیں ہوئی۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ کراچی میں دو وی آئی پی لاؤنجز تعمیر کئے جا رہے ہیں جن کا افتتاح اکتوبر میں ہوگا۔

وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے ریلوے اصلاحات کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزیر ریلوے کی کاوشیں قابلِ تحسین ہیں۔ انہوں نے اصلاحات سے متعلق اپنی تجاویز بھی پیش کیں جنہیں وزیر ریلوے نے خوش آمدید کہا۔ اجلاس کے بعد وفاقی وزیر مواصلات نے وزیر ریلوے کے ہمراہ لاہور ریلوے سٹیشن کا دورہ کیا اور مسافروں کے لئے فراہم کی گئی سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

– Advertisement –