– Advertisement –
تہران۔15ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے ایران کے وزیر صنعت ، کان کنی و تجارت سید محمد اتابک نے ملاقات کی ۔ پیر کو جاری پریس ریلیز کے مطابق انہوں نے ملاقات میں سیلاب سے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا جس پر وفاقی وزیر نے ان کا شکریہ ادا کیا۔
جام کمال نے کہا کہ ایرانی صدر ڈاکٹر پیزشکیان کے دورہ پاکستان کے بعد سے ہماری دو طرفہ تجارت میں کافی بہتری آئی ہے، ہمارا 10 ارب ڈالر کا تجارتی ہدف ہماری باہمی کوششوں سے حاصل کیا جا سکتا ہے۔ ایرانی صدر کے دورہ پاکستان کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ یہ پاکستان پر ایران کی حکومت کے اعتماد کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
– Advertisement –
انہوں نے مزید کہا کہ دونوں اطراف کے مسلسل دورے ہمارے تجارتی ہدف کو حاصل کرنے کے لیے ہماری ترقی پسندانہ سوچ کو ظاہر کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مشترکہ اقتصادی کمیشن کے ہونے والے اجلاس میں تجارتی سرگرمیوں کو آسان بنانے کے لیے حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے طریقے وضع کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے تجارتی اعداد و شمار 3 ارب ڈالر تک پہنچ چکے ہیں جو کہ بہت خوش آئند ہے تاہم اس میں مزید اضافے کی ضرورت ہے۔ ملاقات میں دونوں وزراء نے بارٹر ٹریڈ کی ضرورت پر زور دیا۔
ملاقات میں آزاد تجارتی معاہدے پر دستخط ، سرحدی منڈیوں کو فعال اور تجارت کو بڑھانے کے لیے بات چیت کی گئی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ دونوں فریق ایک دوسرے کے ساتھ اشتراک کی جانے والی اشیاء کی فہرست کو حتمی شکل دینے پر کام کر رہے ہیں۔
جام کمال نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کے وژن کے مطابق تجارتی حجم بڑھانے کے لیے نجی شعبے کو سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ حالیہ مہینوں میں ایران کو پاکستانی چاول اور گوشت کی برآمد میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے۔
– Advertisement –