وفاقی وزیر برائے آبی وسائل محمد معین وٹو کی پولینڈ کے سفیر سے ملاقات، سیلابی تعاون اور اقتصادی شراکت داری پر تبادلہ خیال

وفاقی وزیر برائے آبی وسائل محمد معین وٹو کی پولینڈ کے سفیر سے ملاقات، سیلابی تعاون اور اقتصادی شراکت داری پر تبادلہ خیال

– Advertisement –

اسلام آباد۔17ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے آبی وسائل محمد معین وٹو نے پاکستان میں تعینات پولینڈ کے سفیر میچیج پسارسکی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں حالیہ سیلابی صورتحال، نقصانات اور آفات سے نمٹنے، سیلابی کنٹرول اور اقتصادی ترقی کے لئے تعاون بڑھانے کے اقدامات پر بات چیت کی گئی۔وفاقی وزیر نے بتایا کہ اس سال پاکستان میں بارشیں 15 فیصد زیادہ ہوئی ہیں جنہیں انہوں نے ماحولیاتی تبدیلی کا نتیجہ قرار دیا۔

انہوں نے زور دیا کہ ایسے چیلنجز سے نمٹنے کے لئے قومی اور بین الاقوامی سطح پر مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے تاکہ پائیدار حل تلاش کئے جا سکیں اور متاثرہ کمیونٹیز کو تحفظ فراہم کیا جا سکے۔پولینڈ کے سفیر نے سیلاب کے باعث ہونے والے جانی و مالی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور پاکستان کے ساتھ تباہ شدہ انفراسٹرکچر کی بحالی اور سیلابی نظام کو مضبوط بنانے میں بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

– Advertisement –

انہوں نے پولینڈ کے مؤثر منصوبہ بندی اور انتظامی اقدامات کے ذریعے سیلابی مسائل پر قابو پانے کے تجربات بھی شیئر کئے اور پاکستان کے ساتھ تکنیکی مہارت اور بہترین عملی مثالوں کے تبادلے کی پیشکش کی۔ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے تعاون کے مختلف شعبوں پر تبادلہ خیال کیا جن میں جدید سیلابی ابتدائی وارننگ سسٹم کا قیام، شہری سیلاب سے نمٹنے کی حکمتِ عملی تیار کرنا اور آفات سے نمٹنے اور تیاری سے متعلق اداروں کی استعداد کار کو بڑھانا شامل ہے۔

اس کے علاوہ معاشی تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور سیلاب متاثرہ علاقوں میں بحالی اور ترقی کے اقدامات کو فروغ دینے پر بھی گفتگو ہوئی۔یہ بھی طے پایا کہ ان اقدامات پر جلد از جلد عملی پیشرفت کی جائے گی تاکہ پاکستان اور پولینڈ کے مابین دو طرفہ تعلقات مزید گہرے اور مؤثر ہو سکیں۔

 

– Advertisement –