– Advertisement –
اسلام آباد۔19ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے دوسرے RISJA انٹر میڈیا کرکٹ ٹورنامنٹ کا افتتاح کردیا۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صحافیوں، کھلاڑیوں اور سماجی رہنماؤں کی ایسی متحرک اور پرجوش ایونٹ میں شریک ہونا میرے لیے باعثِ مسرت اور اعزاز کی بات ہے۔انہوں نے کہا کہ میں راولپنڈی اسلام آباد اسپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن (RISJA) اور سی ڈی اے کو اس شاندار ٹورنامنٹ کے انعقاد پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
امیر مقام نے کہا کہ دوسرا انٹر میڈیا ٹورنامنٹ کا انعقاد اس بات کا ثبوت ہے کہ آپ نہ صرف صحافت کے شعبے سے وابستہ ہیں بلکہ کھیل، باہمی بھائی چارے، اور صحت مند طرزِ زندگی کے فروغ کے لیے بھی اپنا بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔ بطور وفاقی وزیر برائے کشمیر و گلگت بلتستان، میں اس موقع پر خاص طور پر آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ حکومت اُن کے لیے کھیل، تعلیم اور صحافت جیسے شعبوں میں ہر ممکن معاونت فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
– Advertisement –
وزیر اعظم کے مشیر برائے بین الصوبائی رابطہ رانا ثناء اللہ وزیر اعظم کی قیادت میں کھیلوں کی ترقی کے لیے کوششیں کر رہے ہیں۔ نوجوان ہمارا روشن مستقبل ہیں۔ ملک میں کھیلوں کے کلچر کے فروغ کے لیے کوششیں کی جا رہی ہیں، نوجوان کھیلوں کی سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لیں، ہمیں مل کر ایک مثبت معاشرہ تیار کرنا ہے۔
میں میڈیا کے کردار کو انتہائی اہمیت دیتا ہوں، جو رائے عامہ کی تشکیل اور قومی بیانیے کو اجاگر کرنے میں مرکزی حیثیت رکھتا ہے۔ ایونٹ میں دس ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن کو گروپ اے اور گروپ بی میں تقسیم کیا گیا ہےگروپ اے میں جیو ٹی وی ،دنیا نیوز، سی ڈی اے ،92 نیوز اور پبلک ٹی وی شامل جبکہ گروپ بی میں اے آر وائی نیوز، ہم نیوز، سماء نیوز ،رسجا اور ڈان نیوز شامل ہیں۔ ہر ٹیم گروپ لیول میں 4 میچز کھیلے گی۔ گروپ میچز 15 اوورز پر مشتمل ہوں گے جبکہ ناک آؤٹ راؤنڈ اور ایونٹ کا فائنل 20 اوورز پر مشتمل ہوگا ایونٹ کا فائنل یکم اکتوبر کو اسلام آباد میں کھیلا جائے گا۔
– Advertisement –