– Advertisement –
لاہور۔19ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ کی والدہ ساجدہ فاروق تارڑ نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان طے پانے والے تاریخی دفاعی معاہدے کو خوش آئند قرار دیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ نہ صرف دونوں برادر ممالک کے تعلقات کو نئی جہت فراہم کرے گا بلکہ خطے میں امن، ترقی اور استحکام پر بھی دور رس اثرات مرتب کرے گا۔
ساجدہ فاروق تارڑ نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کی جڑیں انتہائی مضبوط ہیں اور یہ تعلقات صرف حکومتی سطح تک محدود نہیں بلکہ عوامی دلوں کی دھڑکنوں میں بھی رچے بسے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دفاعی تعاون کا یہ معاہدہ اس امر کا غماز ہے کہ دونوں ممالک مشکل اور کٹھن حالات میں ایک دوسرے کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم پاکستان کی قیادت میں ہونے والا یہ معاہدہ قومی سلامتی کے تقاضوں کے عین مطابق ہے اور اس سے پاکستان کے دفاع کو نئی تقویت ملے گی۔
– Advertisement –
ان کے مطابق سعودی عرب نے ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا ہے اور یہ معاہدہ اس دیرینہ دوستی کو مزید گہرا اور مستحکم کرے گا۔ساجدہ فاروق تارڑ نے کہا کہ عوامی سطح پر بھی اس معاہدے کو بے حد پذیرائی حاصل ہو رہی ہے اور یہ بات خوش آئند ہے کہ مساجد، مدارس اور عوامی اجتماعات میں اس پر اظہارِ مسرت کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ پیش رفت صرف دفاعی میدان تک محدود نہیں رہے گی بلکہ اس کے ثمرات معاشی، سفارتی اور عوامی سطح پر بھی ظاہر ہوں گے۔انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اس معاہد ہ کو دونوں ممالک اور پوری امتِ مسلمہ کے اتحاد اور ترقی کا ذریعہ بنائے اور پاکستان و سعودی عرب کے عوام کے درمیان اخوت و بھائی چارے کے رشتے کو مزید مضبوط کرے۔
– Advertisement –