وفاقی وزیراحد چیمہ کی زیرصدارت سرمایہ کاری بورڈ کے اسٹریٹجک روڈ میپ سے متعلق اہم اجلاس

وفاقی وزیراحد چیمہ کی زیرصدارت سرمایہ کاری بورڈ کے اسٹریٹجک روڈ میپ سے متعلق اہم اجلاس

– Advertisement –

اسلام آباد۔18ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر اقتصادی امور احد چیمہ نے کہاہے کہ حکومت ملک میں غیرملکی سرمایہ کاری میں اضافہ کیلئے معاشی اورریگولیٹری اصلاحات میں پرعزم ہے،خصوصی اقتصادی زونز کو منظم اور مؤثر انداز میں جلد از جلد عملی جامہ پہنایا جائے، خصوصی اقتصای زونز معاشی حکمت عملی کا ایک اہم جزو ہیں۔

انہوں نے یہ بات جمعرات کویہاں سرمایہ کاری بورڈ کے سٹریٹجک روڈ میپ سے متعلق اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ۔ اجلاس میں وزیر مملکت خزانہ بلال اظہر کیانی، سیکرٹری سرمایہ کاری بورڈ اور دیگر سینئر حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کا بنیادی مقصد معاشی ترقی کی رفتار کو تیز کرنا، پاکستان کے سرمایہ کاری کے ماحول کو بہتر بنانا اور غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ کے لئے حکمت عملی پر غور و خوض کرنا تھا۔

– Advertisement –

وفاقی وزیر نے سرمایہ کاری بورڈ کی جانب سے ریگولیٹری اصلاحاتی پیکیج کے حوالے سے جاری پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان جلد ایک جامع ریگولیٹری اصلاحاتی پیکیج تیار کرے گا جو کہ سرمایہ کاری کے لئے ایک گیم چینجر ثابت ہوگا۔ خصوصی اقتصادی زونز کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ ان کو منظم اور مؤثر انداز میں جلد از جلد عملی جامہ پہنایا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایس ای زیز پاکستان کی معاشی حکمت عملی کا ایک اہم جزو ہیں جو صنعتی توسیع، روزگار کے مواقع کی فراہمی اور تکنیکی ترقی میں نمایاں کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے مابین مضبوط تعاون کی ضرورت پر بھی زور دیا تاکہ یہ زونز عالمی معیار کے مطابق ہوں اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو اپنی جانب متوجہ کریں۔

وفاقی وزیر کو اصلاحات کی صورتحال اور وفاقی و صوبائی حکومتوں کے درمیان تعاون کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے صوبائی حکام کی اصلاحاتی ایجنڈے کے ساتھ پیشگی ہم آہنگی کو سراہا اور اسے ایک مربوط قومی سرمایہ کاری فریم ورک کے قیام کے لئے سنگ بنیاد قرار دیا۔

– Advertisement –