– Advertisement –
اسلام آباد۔10ستمبر (اے پی پی):وزیرمملکت برائے وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت وجیہہ قمر سے برطانیہ کے فارن کامن ویلتھ اینڈ ڈویلپمنٹ آفس کے اعلیٰ حکام نے یہاں ملاقات کی۔ برطانوی وفد میں ایف سی ڈی او کے ایجوکیشن پالیسی ایڈوائزر سلیم سلامہ، ایجوکیشن پالیسی لیڈ کے وٹ ورکس ہب فار گلوبل ایجوکیشن کے سائمن بلوور اور گرلز ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی کیٹی مولن شامل تھیں۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان تعلیمی شعبے میں تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا خصوصاً بچیوں کی تعلیم، اساتذہ کی تربیت، غیر رسمی تعلیم اور شواہد و ڈیٹا کی بنیاد پر اصلاحات پر زور دیا گیا۔
وفد نے وزیرِ مملکت کو ’’وٹ ورکس ہب ‘‘ فار گلوبل ایجوکیشن کے تحت ایف سی ڈی او کی عالمی تعلیمی کوششوں سے بھی آگاہ کیا۔ وجیہہ قمر نے پاکستان کے تعلیمی اصلاحاتی ایجنڈے کے اہم نکات بیان کئے جن میں معیاری تعلیم تک رسائی میں اضافہ، صنفی فرق میں کمی، نصاب کی جدیدیت اور ماحولیاتی تبدیلی و پائیداری کو تعلیمی نظام میں شامل کرنا شامل ہے۔ انہوں نے وزیر اعظم محمد شہباز شریف کے وژن کے تحت تعلیم کو ملکی ترقی کی بنیاد قرار دیا۔
– Advertisement –
وزیرِ مملکت نے تعلیم کے شعبے میں ایف سی ڈی او کی تکنیکی اور پروگرام کی معاونت پر شکریہ ادا کیا اور پالیسی سازی میں تحقیق اور شواہد کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے ’’وٹ ورکس ہب ‘‘ کے ساتھ مزید قریبی تعاون کا خیرمقدم کیا۔ برطانوی وفد نے پاکستان کی تعلیمی ترجیحات کو سراہا اور خاص طور پر لڑکیوں اور پسماندہ طبقات کو بااختیار بنانے کے لئے مشترکہ اقدامات پر آمادگی ظاہر کی۔
ملاقات کے اختتام پر دونوں جانب سے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تعلیمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار اور آئندہ مشترکہ عملی اقدامات کے لئے رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔
– Advertisement –