– Advertisement –
اسلام آباد۔15ستمبر (اے پی پی):وزیر مملکت برائے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت وجیہہ قمر سے پیر کو اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے ذیلی ادارے اسلامک کوآپریشن یوتھ فورم (آئی سی وائی ایف) کے ڈائریکٹر جنرل یونس سونمیز نے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور آئی سی وائی ایف کے درمیان تعلیم، نوجوانوں کے لیے مواقع، ہنر مندی اور قیادت کی تربیت جیسے اہم شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وجیہہ قمر نے نوجوانوں کی ترقی میں آئی سی وائی ایف کے کردار کو سراہا اور کہا کہ حکومت پاکستان نوجوانوں اور انسانی وسائل کی ترقی میں خصوصی دلچسپی رکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی نوجوان آبادی کے لیے تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت معاشی و سماجی ترقی کی بنیاد ہے اور آئی سی وائی ایف جیسے عالمی اداروں سے شراکت داری نوجوانوں کے لیے بین الاقوامی مواقع پیدا کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔
– Advertisement –
یونس سونمیز نے آئی سی وائی ایف کے موجودہ منصوبوں خاص طور پر ڈیجیٹل تعلیم، کاروباری تربیت اور نوجوانوں کی اختراعات کو فروغ دینے سے متعلق روشنی ڈالی۔ انہوں نے پاکستان کے ساتھ تعاون مزید مضبوط کرنے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ دونوں فریقین نے باہمی ادارہ جاتی روابط کو فروغ دینے اور مشترکہ پروگرامز کے ذریعے نوجوانوں کی صلاحیتوں میں اضافے، موسمیاتی شعور اور تعلیم کے ذریعے امن کے فروغ کے لیے کام کرنے پر اتفاق کیا۔ آخر میں وجیہہ قمر نے آئی سی وائی ایف کے مشن کی حمایت کا اعادہ کیا اور امید ظاہر کی کہ یہ شراکت داری پاکستانی نوجوانوں کے لیے عالمی سطح پر نئے مواقع فراہم کرے گی۔
– Advertisement –