– Advertisement –
اسلام آباد۔11ستمبر (اے پی پی):وزیر مملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک نے مستقل ثالثی عدالت (پی سی اے) کے زیراہتمام منعقدہ ایک ضمنی اجلاس میں شرکت کی۔ وزارت قانون وانصاف کے ترجمان کےمطابق اجلاس کے دوران بھارتی نمائندے نے اعلان کیا کہ جلد ہی نئی دہلی میں پی سی اے کا ایک علاقائی دفتر قائم کیا جائے گا۔
اس موقع پر بھارتی نمائندے نے دعویٰ کیا کہ بھارت بین الاقوامی قانون کے اصولوں کا احترام کرتا ہے اور بین الاقوامی تنظیموں،فورمز جیسے پی سی اے کے فیصلوں اور مشاہدات کو تسلیم کرتا ہے۔ مزید برآں بھارتی نمائندے نے انڈس واٹر ٹریٹی (آئی ڈبلیو ٹی ) کے مسئلے کی بھی نشاندہی کی جو اس وقت پی سی اے میں زیرِ التوا ہے۔
– Advertisement –
ان ریمارکس کے جواب میں وزیر مملکت نے کہا کہ بھارتی حکومت اپنے ہی مؤقف میں تضاد کا شکار ہے، بین الاقوامی فورمز پر بھارت دعویٰ کرتا ہے کہ وہ بین الاقوامی قانون کا احترام کرتا ہے اور اس پر کاربند ہے لیکن عملی طور پر وہ ثالثی کے اصولوں کی خلاف ورزی کرتا ہے اور بین الاقوامی تنظیموں بشمول پی سی اے کی جانب سے دی گئی عبوری اور پابند مشاہدات کو نظر انداز کرتا ہے بالخصوص ان معاملات میں جو آئی ڈبلیو ٹی سے متعلق ہیں۔وزیر مملکت نے اس تضاد کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ بھارت بین الاقوامی قانونی و ثالثی اصولوں کی کھلی خلاف ورزی کے باوجود اب نئی دہلی میں پی سی اے کا دفتر کھولنے کا خواہاں ہے۔
– Advertisement –