وزیرتجارت کا ترک سرمایہ کاروں کو سی پیک اسپیشل اکنامک زونز میں سہولتیں فراہم کرنے کا اعلان

وزیرتجارت کا ترک سرمایہ کاروں کو سی پیک اسپیشل اکنامک زونز میں سہولتیں فراہم کرنے کا اعلان


اسلام آباد:

وزیر تجارت جام کمال نے پاکستان اور ترکیے کے تجارتی تعلقات میں مزید وسعت لانے پر زور دیتے ہوئے ترک سرمایہ کاروں کو پاک-چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے اسپیشل اکنامک زونز میں سہولتیں فراہم کرنے کا اعلان کیا۔

پاکستان اور ترکیہ کے درمیان 16 ویں مشترکہ وزارتی کمیشن کا انعقاد کیا گیا، جس کی صدارت وفاقی وزیر تجارت جام کمال اور ترک وزیر دفاع نے مشترکہ طور پر کی۔

اس موقع پر وزیر تجارت جام کمال نے دونوں ممالک کے تجارتی تعلقات میں مزید وسعت لانے پر زور دیتے ہوئے ترک سرمایہ کاروں کو سی پیک کے اسپیشل اکنامک زونز میں سہولتیں فراہم کرنے کا اعلان کیا۔

اجلاس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکیے کی دوستی وقت کے ہر امتحان پر پوری اتری ہے۔

انہوں نے تجارتی تعلقات میں مزید وسعت لانے پر زور دیا اور دونوں ممالک نے ٹریڈ ان گڈز معاہدے پر عمل درآمد تیز کرنے اور ترک سرمایہ کاروں کو خصوصی اقتصادی زونز میں سہولتیں دینے کا اعلان کیا۔

اجلاس میں قابل تجدید توانائی، تیل، گیس اور ایل این جی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

وزارت تجارت کے مطابق دفاعی تعاون پاک-ترکیہ تعلقات کی پہچان ہے اور دفاعی ٹیکنالوجی، مشترکہ پیداوار اور استعداد کار بڑھانے پر بھی بات چیت ہوئی۔

جام کمال نے کہا کہ زراعت، فوڈ سیکیورٹی اور صحت کے شعبے میں تعاون کے نئے مواقع سامنے آ رہے ہیں اور پروگرام سے صحت کے شعبے میں تعلقات مزید مضبوط ہوں گے،  فیصل آباد میں پاک-ترکیہ ٹیکسٹائل ٹیکنالوجی سینٹر سنگ میل ثابت ہوگا۔

اجلاس میں آئی ٹی، ای کامرس، فن ٹیک اور مصنوعی ذہانت میں بھی تعاون بڑھانے پر زور دیا گیا اور دونوں ممالک نے افرادی قوت، میڈیا، ثقافت اور سیاحت کے شعبوں میں بھی تعاون بڑھانے کا اعلان کیا۔