لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز آج میانوالی اور مظفرگڑھ کے دورے پر روانہ ہوں گی، جہاں وہ مختلف ترقیاتی اور فلاحی منصوبوں کا جائزہ لیں گی اور افتتاح کریں گی۔
میانوالی میں وزیراعلیٰ جدید سہولیات سے آراستہ الیکٹرک بس سروس کا افتتاح کریں گی۔ پہلے مرحلے میں 15 الیکٹرک بسیں شہر میں چلائی جائیں گی، جو ماحول دوست ٹرانسپورٹ کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
بعد ازاں، وزیراعلیٰ مظفرگڑھ کے علاقے علی پور میں قائم فلڈ ریلیف کیمپ کا دورہ کریں گی، جہاں وہ سیلاب متاثرین سے ملاقات اور ان کے مسائل سنیں گی۔ دورے کے دوران وزیراعلیٰ کو ریسکیو اور ریلیف آپریشن کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ بھی دی جائے گی۔
حکام کے مطابق، وزیراعلیٰ مریم نواز کا یہ دورہ عوامی فلاح اور شفاف حکمرانی کی پالیسیوں کی عکاسی کرتا ہے، جس کا مقصد پسماندہ علاقوں میں سہولیات کی فراہمی اور قدرتی آفات سے متاثرہ افراد کی بحالی کو یقینی بنانا ہے۔