لاہور : پنجاب کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے علی پور اور سیت پور کا دورہ کیا۔ انہوں نے دن کے وقت سیت پور کے مختلف علاقوں میں ریلیف سرگرمیوں کا جائزہ لیا اور رات گئے دوبارہ علی پور پہنچیں۔
دورے کے دوران مریم اورنگزیب نے سیلاب متاثرین سے ملاقات کی، ان کے مسائل سنے اور حکومتی امداد کی فراہمی کو یقینی بنایا۔ انہوں نے سیت پور کے اندرونی علاقوں میں ٹینٹس کی تقسیم اور ریلیف کیمپوں میں کھانے، خشک راشن اور دیگر امدادی سامان کی ترسیل کا جائزہ لیا۔
متاثرین سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا:”مجھے آپ کی بہن، بیٹی اور ماں مریم نواز نے آپ کے پاس بھیجا ہے۔ آپ کی تکلیف میں حکومت آپ کے ساتھ ہے اور آپ کے نقصان کا ازالہ کیا جائے گا۔”
سینئر وزیر نے اعتراف کیا کہ علی پور مکمل طور پر زیر آب آ چکا ہے اور علاقے میں بڑے پیمانے پر نقصان ہوا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا تخمینہ لگانے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔
مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ ہر متاثرہ شخص کے نقصان کا فرداً فرداً جائزہ لے کر مکمل تفصیلات جمع کی جائیں تاکہ مناسب معاوضہ دیا جا سکے۔