مظفر گڑھ: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سیلاب سے شدید متاثرہ تحصیل علی پور کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ریلیف کیمپ کا جائزہ لیا اور متاثرین سے سہولتوں کے بارے میں تفصیلی معلومات حاصل کیں۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر مظفر گڑھ اور ڈی جی پی ڈی ایم اے نے وزیراعلیٰ کو علاقے کی صورتحال اور امدادی اقدامات پر بریفنگ دی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے کیمپ میں مقیم متاثرین سے بات چیت کی اور ان کے مسائل کو سن کر متعلقہ حکام کو فوری حل کی ہدایت دی۔ انہوں نے متاثرہ بچوں میں تحائف تقسیم کیے اور خواتین و بچوں کو خود کھانا پیش کیا، جس سے متاثرین میں خوشی اور سکون کی لہر دوڑ گئی۔
اس موقع پر صوبائی وزرا مریم اورنگزیب، خواجہ عمران نذیر اور صہیب بھرتھ بھی وزیراعلیٰ کے ہمراہ موجود تھے۔ مریم نواز نے سیلاب کے دوران جان بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کو امدادی چیکز بھی فراہم کیے تاکہ وہ اپنے نقصان کا کچھ ازالہ کر سکیں۔
وزیراعلیٰ نے متاثرین کو یقین دہانی کرائی کہ صوبائی حکومت ریلیف اور بحالی کے کاموں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرے گی اور ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی تاکہ متاثرہ لوگ جلد معمول کی زندگی کی طرف واپس لوٹ سکیں۔