– Advertisement –
اسلام آباد۔15ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم کے ڈیجیٹل نیشن وژن کے تحت پاکستان ترکیہ کے ساتھ مضبوط شراکت داری چاہتا ہے،ترکیہ پاکستان کے ساتھ ڈیجیٹل روابط اور مشترکہ منصوبے آگے بڑھائے گا۔پیر کووزارت آئی ٹی و ٹیلی کمیونی کیشن سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر شزہ فاطمہ خواجہ سے ترکیہ کے پاکستان میں سفیر عرفان نذیر اوغلو نے ملاقات کی۔ اس تعمیری ملاقات میں آئی سی ٹی، ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن اور اختراعات میں دوطرفہ تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔گفتگو میں آئی ٹی بزنس کونسل کے تحت مشترکہ اقدامات کو آگے بڑھانے، پاکستان میں ٹیکنالوجی پارک کے قیام میں تعاون اور نوجوان پیشہ ور افراد کے لیے انٹرن شپ کے مواقع اور فیلوشپ ایکسچینج پروگرامز شروع کرنے جیسے موضوعات شامل تھے۔
وفاقی وزیر شزہ فاطمہ خواجہ نے اس موقع پر زور دیا کہ وزیراعظم کے ڈیجیٹل نیشن وژن کے تحت پاکستان ترکیہ جیسے دوست ممالک کے ساتھ مضبوط شراکت داری قائم کرنے کے لیے پرعزم ہے تاکہ ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کو تیز کیا جا سکے، اختراعات کو فروغ دیا جا سکے اور نوجوانوں کے لیے نئے مواقع پیدا کیے جا سکیں۔وفاقی وزیر آئی ٹی و ٹیلی کمیونی کیشن نے اس عزم کو دہرایا کہ آئی سی ٹی کے شعبے میں بین الاقوامی شراکت داری کو مزید مستحکم کیا جائے گا تاکہ پاکستان کا ڈیجیٹل سیکٹر عالمی معیشت میں ایک مسابقتی کھلاڑی کے طور پر ابھر سکے۔ترک سفیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ترکیہ پاکستان کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھے گا تاکہ ڈیجیٹل روابط کو وسعت دی جا سکے، علم کے تبادلے کو فروغ دیا جا سکے اور مشترکہ منصوبے شروع کیے جا سکیں جو ایک مستقبل سے ہم آہنگ اور منسلک پاکستان کی تشکیل میں مددگار ہوں گے۔
– Advertisement –
– Advertisement –