– Advertisement –
اسلام آباد۔17ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف (آج) بدھ کو سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی دعوت پر سعودی عرب کا سرکاری دورہ کررہے ہیں، دورے کے دوران کابینہ کے اہم ارکان بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہوں گے۔ ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دورے کے دوران وزیراعظم محمد شہباز شریف سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے دوطرفہ ملاقات کریں گے جس میں پاکستان سعودی عرب تعلقات کے تمام پہلوئوں کا جائزہ لیا جائے گا۔ توقع ہے کہ دونوں رہنما باہمی دلچسپی کی علاقائی اور عالمی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔
توقع ہے کہ اس دورے کے نتیجے میں مختلف شعبوں میں تعاون کو باضابطہ شکل ملے گی جو دونوں فریقوں کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید بڑھانے اور گہرا کرنے کے لیے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتی ہے۔ بیان کے مطابق پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تاریخی تعلقات ہیں جس کی جڑیں مشترکہ مذہبی اقدار اور باہمی اعتماد پر مبنی ہیں۔ وزیر اعظم کا دورہ دونوں رہنمائوں کو اس منفرد شراکت داری کو مضبوط بنانے کا ایک اہم موقع فراہم کرے گا اور دونوں ممالک عوام کے فائدے کے لیے تعاون کی نئی راہیں تلاش کریں گے۔
– Advertisement –