اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے عوام کو ریلیف دیتے ہوئے اگست کے مہینے کے بجلی بلوں کی وصولی مؤخر کرنے کا حکم دے دیا۔
یہ فیصلہ وزیراعظم کی زیر صدارت ہونے والے ایک اہم اجلاس میں کیا گیا، جس میں سیلاب سے متاثرہ صارفین کے بجلی بلوں سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں مختلف وفاقی اور صوبائی اداروں کے نمائندے بھی شریک تھے۔
وزیراعظم نے متعلقہ بجلی تقسیم کار کمپنیوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ متاثرہ علاقوں میں اگست کے بجلی کے بلوں کی وصولی روک دیں، تاکہ متاثرہ عوام کو فوری ریلیف مل سکے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ جیسے ہی آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات مکمل ہوں گے، سیلاب زدگان کے لیے بجلی بلوں میں ریلیف پیکیج کا حتمی اعلان کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید وضاحت کی کہ جن صارفین سے اگست کا بل پہلے ہی وصول کیا جاچکا ہے، ان کے بل آئندہ ماہ میں ایڈجسٹ کیے جائیں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ حالیہ سیلاب نے ملک بھر میں لاکھوں افراد کو متاثر کیا ہے اور ان کی بحالی کے لیے وفاقی و صوبائی سطح پر کوششیں بھرپور انداز میں جاری ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ “جب تک سیلاب متاثرین اپنے گھروں کو واپس نہیں لوٹ جاتے، ہم سکون سے نہیں بیٹھیں گے۔”