اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے ٹی چوک فلائی اوور کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ اسلام آباد، راولپنڈی اور گردونواح کے رہائشیوں کے لیے سنگ میل ثابت ہوگا۔ ایک کلومیٹر کے اس فلائی اوور سے ایکسپریس وے اور دیگر علاقوں تک سفر میں نمایاں آسانی ہو گی۔
وزیراعظم نے وزیرداخلہ اور کیپٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کی اس منصوبے پر جاری کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان 2027 میں ایس سی او سمٹ کی میزبانی کرے گا اور اس کے لیے ابھی سے مکمل تیاری کی ضرورت ہے۔ اسلام آباد کو مزید خوبصورت بنانے کے لیے متعدد اقدامات کیے جا رہے ہیں، جن میں شاہراہ دستور کی خوبصورتی میں اضافہ شامل ہے۔ چند ہفتوں میں شاہراہ دستور کے اطراف خوبصورت پھول نظر آئیں گے۔
وزیراعظم نے بتایا کہ تاجکستان نے پاکستان کو تحفے میں مختلف اقسام کے پودے دیے ہیں، جو شہر کی خوبصورتی میں اضافہ کریں گے۔
اسی دوران، راولپنڈی اور اسلام آباد میں سفری سہولیات بہتر بنانے کے لیے محسن نقوی اور حنیف عباسی کے زیر نگرانی نئے منصوبے پر کام جاری ہے۔ اس میں ریل کار کا مجوزہ منصوبہ بھی شامل ہے، جو جڑواں شہروں کے رہائشیوں کو سفر میں سہولت فراہم کرے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ ماحولیاتی تحفظ کے لیے الیکٹرک ویہیکل (ای وی) ٹرانسپورٹ بھی متعارف کروائی گئی ہے۔ وفاقی حکومت، وزیرداخلہ کی قیادت میں جڑواں شہروں میں سفری سہولتوں کے فروغ کے لیے بھرپور تعاون فراہم کر رہی ہے۔