نوجوان ڈیجیٹل یوتھ ہب پر رجسٹریشن کروا کے تعلیم، روزگار اور مہارتوں کے انقلابی مواقع سے فائدہ اٹھائیں ،چیئرمین پی ایم یو پی رانا مشہود احمد خان

نوجوان ڈیجیٹل یوتھ ہب پر رجسٹریشن کروا کے تعلیم، روزگار اور مہارتوں کے انقلابی مواقع سے فائدہ اٹھائیں ،چیئرمین پی ایم یو پی رانا مشہود احمد خان

– Advertisement –

لاہور۔11ستمبر (اے پی پی):چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ نوجوان “ڈیجیٹل یوتھ ہب” پر رجسٹریشن کروا کے تعلیم، روزگار اور مہارتوں کے انقلابی مواقع سے فائدہ اٹھائیں ، یہ پلیٹ فارم وزیراعظم محمد شہباز شریف کے وژن کے تحت نوجوانوں کو عالمی معیار کے مطابق تیار کرنے اور قومی ترقی میں شراکت دار بنانے کے لیے متعارف کرایا گیا ہے۔وہ جمعرات کو یہاں کنیئرڈ کالج میں ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے جس میں سپیشل ریپریزنٹیٹو فار یوتھ رضوان انور، ماہا جمیل، فیکلٹی ممبران اور طالبات کی بڑی تعداد شریک تھی۔رانا مشہود نے کہا کہ ڈیجیٹل یوتھ ہب کے ذریعے میرٹ پر سکالرشپس، آن لائن کورسز، فری لانسنگ کے مواقع، انٹرن شپس اور سٹارٹ اپس کے لیے سرمایہ کاری کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے تاکہ نوجوان خود کفیل ہو کر ملک کی معیشت کو مضبوط بنا سکیں۔

انہوں نے اعلان کیا کہ آئندہ دو سے تین ماہ میں پاکستان کی پہلی “ایڈولیسنٹ یوتھ پالیسی” اور ای سپورٹس پالیسی متعارف کرائی جائے گی، ان اقدامات کا مقصد نوجوانوں کو جدید مواقع تک رسائی دینا اور انہیں قومی ترقی کے عمل میں فعال شراکت دار بنانا ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل یوتھ ہب کے ذریعے میرٹ پر سکالرشپس، آن لائن کورسز، عالمی سطح کی سرٹیفیکیشنز، انٹرن شپس اور فری لانسنگ کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ کاروباری ذہن رکھنے والے نوجوانوں کو سٹارٹ اپس کے لیے رہنمائی، مالی معاونت اور سرمایہ کاروں سے روابط کی سہولت بھی دی جا رہی ہے تاکہ وہ خود کفیل ہو کر روزگار کے نئے مواقع پیدا کر سکیں۔

– Advertisement –

چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام نے بتایا کہ حکومت اعلی تعلیم کے خواہشمند نوجوانوں کو مقامی و بین الاقوامی سکالرشپس فراہم کر رہی ہے تاکہ وسائل کی کمی کی وجہ سے کوئی بھی طالب علم تعلیم سے محروم نہ رہے۔ انہوں نے طالبات پر زور دیا کہ وہ اس پلیٹ فارم پر رجسٹریشن کر کے حکومتی سہولتوں سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔رانا مشہود احمد خان نے بطور سابق صوبائی وزیر اپنے تعلیم بارے کیے گئے اقدامات کا بھی ذکر کیا ۔انہوں نے کہا کہ 2011 میں پنجاب کی پہلی یوتھ پالیسی متعارف کرائی گئی تھی جس کے تحت نوجوانوں کو تعلیم، لیپ ٹاپس اور سکالرشپس فراہم کی گئیں، آج انہی پروگرامز کی بدولت ہزاروں بچے ڈاکٹر، انجینئر اور انٹرپرینیور بن کر کامیاب زندگی گزار رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں 10 لاکھ اور وفاق میں 6 لاکھ سے زائد لیپ ٹاپ تقسیم کیے جا چکے ہیں جبکہ 200 ارب روپے کے بلاسود قرضے نوجوانوں کو اپنے کاروبار کے آغاز کے لیے دیے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان آج فری لانسنگ اور ای کامرس کے شعبوں میں دنیا کے صفِ اول ممالک میں شامل ہے، نوجوانوں کو زیادہ سے زیادہ آئی ٹی کی طرف لانے کےلئے اقدامات کر رہے ہیں ۔رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ ہمارے نوجوانوں میں بے پناہ صلاحیتیں ہیں، اگر انہیں رہنمائی اور سہولتیں فراہم کی جائیں تو وہ دنیا کو فتح کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

انہوں نے طالبات سے کہا کہ وہ خوش قسمت ہیں جو لاہور جیسے بڑے شہر کی بہترین یونیورسٹی میں تعلیم حاصل کر رہی ہیں، ملک کے دور دراز علاقوں کے نوجوان بھی انہی سہولتوں کے منتظر ہیں۔چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام نے کہا کہ پاکستان کی اصل طاقت نوجوان نسل ہے، یہ وہی قوم ہے جس نے قربانیوں اور محنت کے ذریعے دنیا کو بتایا کہ ہم کسی سے کم نہیں، آپریشن بنیان مرصوص ہو یا بھارتی دفاعی نظام کو ہیک کر کے اپنی صلاحیت دکھانا، پاکستانی نوجوانوں نے ہمیشہ ا پنا لوہا منوایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری اصل پہچان پاکستان ہے اور پاکستانی ہونے پر ہمیں فخر ہونا چاہیے، دشمن یہ سمجھتا ہے کہ پاکستانی قوم تقسیم ہے لیکن حقیقت یہ ہے کہ یہ قوم دشمن کے سامنے سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑی ہوتی ہے۔تقریب کے اختتام پر معزز مہمانوں کو شیلڈز پیش کی گئیں ۔ طالبات نے حکومت کی جانب سے نوجوانوں کے لیے شروع کیے گئے پروگرامز کو سراہا۔

– Advertisement –