اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے خبردار کیا ہے کہ وہ جلد تمام نان رجسٹرڈ موبائل فونز کو مقامی نیٹ ورکس سے بلاک کر دے گا۔ اتھارٹی نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی ڈیوائسز کو فوری طور پر ڈیوائس شناخت، رجسٹریشن اور بلاکنگ سسٹم (DIRBS) کے ذریعے رجسٹر کروائیں۔
پی ٹی اے کے مطابق غیر رجسٹرڈ ڈیوائسز کا استعمال، خرید و فروخت نہ صرف قانونی جرم ہے بلکہ ایسے فونز اکثر سمگلنگ، مالی فراڈ اور سائبر کرائم میں استعمال ہوتے ہیں، جو ملکی سلامتی کے لیے خطرہ بن سکتے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام پاکستان کے ٹیلی کام سیکٹر میں شفافیت اور سکیورٹی کو یقینی بنانے کی جانب ایک بڑا قدم ہے۔ دنیا کے متعدد ممالک میں ایسے اقدامات کے بعد موبائل سمگلنگ اور سائبر جرائم میں واضح کمی دیکھی گئی ہے۔
پی ٹی اے نے صارفین کو ہدایت کی ہے کہ وہ DIRBS کے ذریعے اپنے فون کی رجسٹریشن کا سٹیٹس فوری چیک کریں۔ بصورت دیگر، نہ صرف ان کا موبائل نیٹ ورک سے منقطع کر دیا جائے گا بلکہ قانونی کارروائی کا بھی سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔