میکسیکو میں خوفناک ٹریفک حادثے کے نتیجے میں 15 افراد ہلاک ہو گئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق حادثہ میکسیکو کی ریاست یوکاٹن میں پیش آیا جہاں مختلف گاڑیاں آپس میں ٹکرانے کے بعد گاڑیوں میں آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں 15 افراد ہلاک ہوگئے۔
رپورٹ کے مطابق حادثہ میکسیکو کے شہر میریڈا اور کیمپ چے کے درمیان ہائی وے پر ٹریلر، کار اور ٹیکسی کی ٹکر کے باعث پیش آیا۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ ٹرک آگ کے گولے میں تبدیل ہو گیا، جس میں 14 افراد بشمول ڈرائیور زندہ جل گئے یا کچلے گئے۔
خوفناک مناظر پر مبنی ویڈیوز میں ایک گاڑی کو شعلوں میں لپٹا ہوا اور سیاہ دھواں اٹھتے دیکھا جا سکتا ہے۔ جائے وقوع پر موجود عینی شاہدین نے بتایا کہ کئی افراد جلتی گاڑی میں پھنسے رہے، جبکہ بعض کی لاشیں سڑک پر بکھری ہوئی تھیں۔
ریسکیو ٹیموں، فائر فائٹرز، طبی عملے اور ریاستی پولیس نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر آگ بجھانے اور زخمیوں کو بچانے کی کوشش کی۔ تین افراد کو زندہ نکال کر قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے، جبکہ مزید ایک شخص موقع پر دم توڑ گیا، جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 15 ہو گئی۔
نیشنل گارڈ اور فرانزک ٹیموں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ حکام کی جانب سے تاحال ہلاک شدگان کی شناخت یا حادثے کی اصل وجہ ظاہر نہیں کی گئی۔
مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ حادثہ یُوکاتان کی تاریخ کے پچھلے 50 سالوں کا سب سے بڑا سڑک حادثہ ہے۔
ریاست یوکاٹن کے گورنر نے حادثہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جاں بحق افراد کے لواحقین کے غم میں شریک ہیں اور ان کی مدد کریں گے۔