موسمی تغیرات کے حوالے سے واضح روڈ میپ کی تیاری کیلئے قومی و بین الاقوامی سطح پر مباحثوں کی اشد ضرورت ہے، گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر

موسمی تغیرات کے حوالے سے واضح روڈ میپ کی تیاری کیلئے قومی و بین الاقوامی سطح پر مباحثوں کی اشد ضرورت ہے، گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر

– Advertisement –

سیالکوٹ۔ 17 ستمبر (اے پی پی):گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے بدھ کو گرینڈ ایشین یونیورسٹی سیالکوٹ میں منعقدہ 3 روزہ تھرڈ نیشنل ورکشاپ آن یوآئی گرین میٹرک ورلڈ یونیورسٹی رینکنگز سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کیا۔ گورنر پنجاب نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان دنیا کے پہلے پانچ ممالک میں شامل ہے جو موسمی تبدیلیوں سے شدید متاثر ہو رہا ہے۔ پاکستان کا کاربن اخراج میں حصہ نہایت کم ہے لیکن نقصانات انتہائی زیادہ ہیں۔ موسمی تغیرات کے حوالے سے ایک واضح روڈ میپ کی تیاری کیلئے قومی اور بین الاقوامی سطح پر مباحثوں کی اشد ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومتی اداروں، عوام اور جامعات کو مشترکہ کوششوں کے ذریعے موسمی تغیرات کے چیلنج سے نمٹنا ہوگا، اس مقصد کیلئے نئی پالیسی سازی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ 20 سال پرانی سوچ کے ساتھ اگر آگے بڑھیں گے تو ہماری بقاء مشکل ہو جائے گی۔گورنر پنجاب نے کہا کہ کلائمیٹ چینج کے حوالے سے نصاب میں تبدیلیاں ناگزیر ہو چکی ہیں۔ پاکستان کی حکومت اقوامِ متحدہ کے ایس ڈی جی ایس اے پروگرام کے اہداف کو حاصل کرنے کیلئے پرعزم ہے، جو نہ صرف موسمی تغیرات کو کم کرنے بلکہ غربت کے خاتمہ کیلئے بھی جامع منصوبہ ہے۔

– Advertisement –

انہوں نے مزید کہا کہ بطور گورنر انہوں نے تمام یونیورسٹیز کو کلائمیٹ چینج کے پروگرامز شروع کرنے کی ہدایت کی ہے۔ کئی ایک جامعات بی ایس اور ایم ایس سطح پر یہ پروگرام شروع کر چکی ہیں جبکہ جن اداروں میں ایسے پروگرامز کا آغاز نہیں ہوا، وہاں بھی جلد اقدامات کیے جائیں گے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ UI گرین میٹرک ورلڈ یونیورسٹی رینکنگز کلائمیٹ چینج سے نمٹنے اور ماحول دوست اقدامات کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

– Advertisement –