موسلادھار بارشوں کا خدشہ محکمہ موسمیات نے انتباہ جاری کر دیا

موسلادھار بارشوں کا خدشہ محکمہ موسمیات نے انتباہ جاری کر دیا

موسلادھار بارشوں کا خدشہ محکمہ موسمیات نے انتباہ جاری کر دیا

اسلام آباد:محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے عوام کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔ محکمہ کے مطابق آج خیبرپختونخوا، بالائی پنجاب، اسلام آباد، کشمیر اور گلگت بلتستان میں جزوی ابر آلودگی کے ساتھ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

کچھ علاقوں میں موسلادھار بارش اور ژالہ باری کا بھی امکان ہے جبکہ ملک کے دیگر حصوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔ محکمہ موسمیات نے مون سون بارشوں کے گیارہویں اسپیل کے آغاز کا بھی اعلان کیا ہے۔

اسلام آباد کے چند مقامات، راولپنڈی، مری، گلیات، جہلم، اٹک، چکوال، سیالکوٹ، لاہور، سرگودھا، میانوالی، فیصل آباد اور گوجرانوالہ سمیت کئی شہروں میں بارش کا امکان ہے۔ خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع بشمول پشاور، سوات، مردان، دیر، شانگلہ، اورکزئی، وزیرستان میں بھی بارش متوقع ہے۔

بلوچستان کے جنوبی علاقوں میں جزوی ابر آلودگی، سندھ کے ساحلی علاقوں میں بوندا باندی، اور آزاد کشمیر و گلگت بلتستان میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ 19 ستمبر تک بارشیں جاری رہنے کا امکان ہے، جس کے باعث بڑے شہروں کے ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے۔ خاص طور پر 18 اور 19 ستمبر کو راولپنڈی، مری اور گلیات کے ندی نالوں میں پانی کی سطح میں اضافہ متوقع ہے۔

محکمہ نے عوام کو آگاہ کیا ہے کہ موسلادھار بارشوں، آندھی، جھکڑ، ژالہ باری اور گرج چمک کے دوران روزمرہ کے معمولات متاثر ہو سکتے ہیں، اور کمزور انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔

خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں، گلگت بلتستان، مری، گلیات اور کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بھی بڑھ گیا ہے، لہٰذا مسافر اور سیاحوں کو محتاط رہنے اور موسم کے مطابق سفر کا انتظام کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔