معاشی اشاروں کی سمت درست، حکومت اصلاحات میں آگے بڑھ رہی ہے، وزیر خزانہ

معاشی اشاروں کی سمت درست، حکومت اصلاحات میں آگے بڑھ رہی ہے، وزیر خزانہ


اسلام آباد:

وزیر خزانہ  محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ ملکی معاشی اشاروں کی سمت درست ہے، حکومت اصلاحاتی اقدامات کے حوالے سے آگے بڑھ رہی ہے۔
 

وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب سے پاکستان بزنس کونسل کے اعلیٰ سطح کے  وفد نے ملاقات کی جس کی قیادت سی ای او جاوید قریشی اور چیئرپرسن ڈاکٹر ذیلاف منیر نے کی۔ ملاقات کے دوران ملکی معیشت کے موجودہ اشاروں اور حکومتی پالیسیوں پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ 

وزیر خزانہ نے کہا کہ معیشت کے کلیدی اشارے بتدریج درست سمت اختیار کر رہے ہیں اور حکومت اصلاحاتی اقدامات پر تیزی سے آگے بڑھ رہی ہے۔

انہوں نے وفد کو آگاہ کیا کہ سرکاری اداروں کی اصلاحات اور نجکاری پروگرام پر واضح پیش رفت ہو رہی ہے جب کہ شرح مبادلہ اور شرح سود میں تسلسل قائم رکھنا معاشی استحکام کے لیے ناگزیر ہے۔ حکومت کاروبار اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ بزنس کونسل کو ہدف کے مطابق  بی ٹو بی روابط بڑھانے کی ترغیب دی جا رہی ہے۔

وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ بندرگاہوں، سڑکوں اور ریل کے انفرا اسٹرکچر کی اپ گریڈیشن حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ امریکا کے ساتھ جاری ٹیرف مذاکرات پاکستانی برآمدکنندگان کے لیے نئے مواقع فراہم کریں گے۔ اسی طرح وزیراعظم کے حالیہ دورہ چین کے دوران غیر معمولی پیش رفت سامنے آئی ہے جس کے نتیجے میں متعدد مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوئے اور نجی شعبے کی تاریخی سطح پر شمولیت یقینی بنی۔

ملاقات میں وزیر خزانہ نے پاکستان بزنس کونسل کو اعتماد میں لیتے ہوئے آگاہ کیا کہ ٹیکس پالیسی آفس کو ایف بی آر سے نکال کر فنانس ڈویژن میں منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ پالیسی سازی اور عملدرآمد میں زیادہ موثریت لائی جا سکے۔

اجلاس کے دوران حالیہ سیلابی صورتحال پر بھی گفتگو ہوئی۔ وزیر خزانہ نے بتایا کہ ریسکیو، ریلیف اور انفرا اسٹرکچر کی بحالی کے لیے حکومت سرگرم ہے۔ انہوں نے تیل کی قیمتوں میں کمی کے تناظر میں مہنگائی کے دباؤ میں کمی کی امید بھی ظاہر کی۔

اس موقع پر وزیر خزانہ نے اسٹیئرنگ کمیٹی برائے مہنگائی کے اجلاسوں پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ کمیٹی کا پہلا اجلاس منعقد ہو چکا ہے جبکہ دوسرا اجلاس اس ہفتے کے آخر میں متوقع ہے، جس میں قیمتوں پر مزید قابو پانے کے اقدامات کا جائزہ لیا جائے گا۔