محمد نواز نے افغان بیٹرز کو تگنی کا ناچ نچادیا، فائنل میں شاندار ہیٹ ٹرک - Sports

محمد نواز نے افغان بیٹرز کو تگنی کا ناچ نچادیا، فائنل میں شاندار ہیٹ ٹرک – Sports

شارجہ میں کھیلے گئے تین ملکی ٹی 20 سیریز کے فائنل ٹاکرے میں پاکستانی اسپنر محمد نواز نے اپنی تباہ کن بولنگ کی بدولت افغان بیٹرز کو تگنی کا ناچ نچادیا اور میچ میں شاندار ہیٹ ٹرک کی، مسلسل 3 گیندوں پر 3 افغان بلے بازوں کو ٹھکانے لگایا اور اننگز میں 5 وکٹیں اڑائیں جب کہ شاندار آل راؤنڈ پرفارمنس پر میچ اور سیریز کے ہیرو رہے۔

قومی کرکٹ ٹیم کے اسپنر محمد نواز نے شارجہ میں جاری تین ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے فائنل میں افغانستان کے خلاف ہیٹ ٹرک مکمل کر کے تاریخ رقم کرتے ہوئے ریکارڈ بنالیا۔

محمد نواز نے اپنی گیند بازی سے افغان بلے بازوں کو پریشان کیا اور 4 اوورز میں ایک میڈ ان کر کے 19 رنز دیے اور 5 وکٹیں لیں۔

محمد نواز نے 29 کے مجموعی اسکور پر افغان بیٹر درویش رسولی کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔ ان کے بعد نئے آنے والے بیٹر عظمت اللہ عمرزئی بھی وکٹ کیپر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ محمد نواز کا تیسرا شکار ابراہیم زادران بنے، جنہیں انہوں نے اپنے اگلے اوور کی پہلی گیند پر اسٹمپ آؤٹ کر کے پویلین واپس بھیج دیا۔

ہیٹ ٹرک کے بعد بھی محمد نواز نے افغان بلے بازوں کو شکار کرنے کا سلسلہ جاری رکھا۔ نئے آنے والے بیٹر کریم جنت صرف 2 گیندیں کھیلنے کے بعد کسی رن کے بغیر نواز کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔


AAJ News Whatsapp

محمد نواز کا اگلا شکار افغان کپتان راشد خان بنے، جو 55 کے مجموعی اسکور پر 17 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔ قبل ازیں محمد نواز نے بلے بازی کرتے ہوئے 25 رنز جوڑ کر مجموعی ہدف 142 رنز میں اپنا حصہ بھی ڈالا۔

واضح رہے کہ پاکستان نے شارجہ میں کھیلے گئے سہ ملکی سیریز کے فائنل میں افغانستان کو 75 رنز سے شکست دی ہے۔ ہدف کے تعاقب میں افغان ٹیم 66 کے مجموعی اسکور پر 16ویں اوور میں ڈھیر ہوگئی۔

دوسری جانب چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے تین ملکی ٹی 20 سیریز جیتنے پر پاکستانی ٹیم کو مبارکباد دی ہے۔

محسن نقوی نے محمد نوازکی آل راؤنڈ کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ محمد نواز کی بولنگ نے میچ کا پانسہ پلٹ دیا، پاکستانی کھلاڑیوں نے کم اسکور کے باوجود افغانستان کو ہرایا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی کھلاڑیوں نے افغان ٹیم کو آؤٹ کلاس کر کے جیت اپنے نام کی، قوم ٹیم سے ایسی ہی اعلیٰ کارکردگی کی توقع رکھتی ہے، آج کی جیت سے کھلاڑیوں کا مورال بلند ہوا ہے، امید ہے پاکستانی ٹیم ایشیاکپ میں بھی ایسی ہی کارکردگی دکھائے گی۔