– Advertisement –
کوئٹہ۔ 18 ستمبر (اے پی پی):وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی جمعرات کو مختصر دورے پر لورالائی پہنچے جہاں انہوں نے شہید کیپٹن وقار خان کاکڑ کے گھر جا کر لواحقین سے دلی تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔ وزیر اعلیٰ نے کیپٹن وقار شہید کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مادرِ وطن کی حفاظت کے لئے جان نچھاور کرنے والے سپوت قوم کے ہیرو ہیں جن کی لازوال قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان کے 28 ہزار سے زائد نوجوان اس وقت پاک فوج میں خدمات سرانجام دے رہے ہیں، جو صوبے کے عوام کے جذبہ حب الوطنی اور مادرِ وطن سے والہانہ عقیدت کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ دھرتی پر جان قربان کرنے والے بہادر سپوتوں کے مقدس خون کے ہم سب مقروض ہیں۔ میر سرفراز بگٹی نے یقین دلایا کہ شہداء کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی۔
– Advertisement –
دشمن کو ان کے مقدس خون کے ہر قطرے کا حساب دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ شہداکے اہلِ خانہ کو کبھی تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔ حکومت کے دروازے ان کے لیے ہمیشہ کھلے ہیں اور وہ عزت و تکریم کے مستحق ہیں۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ شہدا نے آنے والی نسلوں کے محفوظ مستقبل کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، انہی کی بدولت آج وطن کے باسی آزاد اور پُرامن زندگی گزار رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شہید زندہ ہوتے ہیں، اور شہدا کے لواحقین کو خراجِ عقیدت اور سلام پیش کرنا ہم سب کی قومی و اخلاقی ذمہ داری ہے اس موقع پر صوبائی وزرا، اراکین صوبائی اسمبلی، مشیران، قبائلی عمائدین اور اعلیٰ حکام بھی موجود تھے جنہوں نے شہید کے اہل خانہ سے یکجہتی کا اظہار کیا۔
– Advertisement –