ماحولیاتی تبدیلی سب سے بڑا مسئلہ ہے، نجات کا راستہ سیرتِ نبویؐ میں ہے، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی

ماحولیاتی تبدیلی سب سے بڑا مسئلہ ہے، نجات کا راستہ سیرتِ نبویؐ میں ہے، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی

– Advertisement –

اسلام آباد۔18ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ موجودہ دور کا سب سے اہم مسئلہ ماحولیاتی تبدیلی ہے اور اس کا حل سیرتِ نبویؐ کی روشنی میں ممکن ہے۔ وہ گورنمنٹ انسٹیٹیوٹ آف آرٹ اینڈ ڈیزائن ایف الیون ون میں منعقدہ دوسرے سالانہ سیرت فیسٹیول کی اختتامی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ رحمت للعالمینؐ کی تعلیمات میں انسانیت کے تمام مسائل کا حل موجود ہے۔ ہمیں نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرت کو مشن بنا کر اپنانا ہوگا۔

یہی نجات کا آخری راستہ ہے۔ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے تقریب کے انعقاد پر منتظمین کو مبارکباد دی اور کہا کہ یہ ادارہ صرف نام کی اتھارٹی نہیں بلکہ ایک قومی مشن سے وابستہ ہے۔ انہوں نے تجویز دی کہ سیرت النبیؐ پر کی گئی تحقیق اور سفارشات کو عملی جامہ پہنانے کے لیے ایک علیحدہ ٹیم بنائی جائے جو ان نکات پر عمل درآمد کو یقینی بنائے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ملت اسلامیہ کے لیے ایک ماڈل کے طور پر قائم کیا گیا تھا اور سیرت النبیؐ ہی وہ ماڈل ہے جس کی بنیاد پر ہم معیشت، معاشرت، قانون، اخلاقیات، اور نظامِ تعلیم کو بہتر بنا سکتے ہیں۔

– Advertisement –

وفاقی وزیر نے فیسٹیول میں نمایاں کارکردگی دکھانے والی طالبات کو سراہا اور کہا کہ 80 سے 90 فیصد ایوارڈز لڑکیوں نے حاصل کیے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ خواتین تعلیم اور فنون کے میدان میں نمایاں مقام حاصل کر رہی ہیں۔ اب وقت آ گیا ہے کہ معاشرے میں بھی ان کے لیے مزید مواقع پیدا کیے جائیں۔آخر میں انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ سیرت فیسٹیول ایک نئے مشن کا آغاز ہے اور حکومت اس مشن کو عملی شکل دینے کے لیے بھرپور تعاون کرے گی۔

– Advertisement –