قوم دہشت گردی اور غیر ملکی پراکیسز کے خلاف متحد ہے،وزیراعظم شہباز شریف

قوم دہشت گردی اور غیر ملکی پراکیسز کے خلاف متحد ہے،وزیراعظم شہباز شریف

– Advertisement –

بنوں۔ 13 ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ پوری قوم پاکستان کی بہادر مسلح افواج کے ساتھ دہشت گردی اورغیر ملکی پراکسیزبالخصوص بھارت کی پشت پناہی سے خیبر پختونخوا میں تخریبی سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے خلاف متحد ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو بنوں کے دورے کے موقع پر سی ایم ایچ میں زخمیوں کی عیادت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔وزیرِاعظم نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور کور کمانڈر پشاور کے ہمراہ زخمی فوجی جوانوں کے حوصلے، بلند عزم اور قومی خدمت کے جذبے کو سراہا اور ان کی بے لوث خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

قبل ازیں وزیرِاعظم شہباز نے شہید فوجی جوانوں کی نمازِ جنازہ میں بھی شرکت کی اور انہیں ’قوم کے حقیقی ہیروز‘ قرار دیتے ہوئے عہد کیا کہ ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان تمام ہمسایہ ممالک بشمول افغانستان کے ساتھ پُرامن تعلقات کا خواہشمند ہےے۔ تاہم انہوں نے عبوری افغان حکومت پر زور دیا کہ وہ یہ واضح فیصلہ کرے کہ آیا پاکستان کے ساتھ اچھے تعلقات قائم رکھنے ہیں یا فتنہ الخوارج کا ساتھ دینا ہے ۔انہوں نے کہا کہ کالعدم ٹی ٹی پی اور فتنہ الخوارج معصوم شہریوں اور ہماری سکیورٹی فورسز پر حملوں کے ذمہ دار ہیں۔ ایسے دشمن عناصر کو پاکستان کے امن کو سبوتاژ کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔

– Advertisement –

وزیراعظم شہباز شریف نے اس بات پر زور دیا کہ قومی ترقی اور خوشحالی کا براہِ راست تعلق امن و استحکام سے ہے۔ انہوں نے اعادہ کیا کہ پاکستان کے شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ عزت و تکریم کے ساتھ یاد رکھا جائے گا اور ان کا مشن جاری رہے گا۔ انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ دہشت گردی کے تدارک کے لیے وفاقی کابینہ کا ایک اہم اجلاس جلد طلب کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دشمن اپنی تباہ کن نظریہ ہمارے وطن پر مسلط نہیں کر سکتے۔ ہم انہیں پوری قوت کے ساتھ مل کر شکست دیں گے۔

قبل ازیں سی ایم ایچ بنوں پہنچنے پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور کور کمانڈر پشاور نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف کو خطے کے سیکیورٹی منظرنامے، بشمول فتنہ الخوارج، بھارتی پشت پناہی میں کام کرنے والی پراکسیز اور مغربی سرحد کے پار سرگرم ان کے سہولت کاروں کے باعث لاحق خطرات پر مفصل بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ایسے دشمن عناصر کو مزید ہمارے معصوم شہریوں اور ہماری بہادر سکیورٹی فورسز پر حملے کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

 

– Advertisement –