واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ قطر امریکا کا قریبی اور مضبوط اتحادی ہے، اور شخصیات کو نشانہ بناتے وقت احتیاط کی ضرورت ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے حماس سے متعلق محتاط رویہ اختیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ یورپی ممالک امریکا کے دوست ضرور ہیں، لیکن وہ روس سے تیل خرید رہے ہیں، جو قابلِ قبول نہیں۔ ٹرمپ نے واضح کیا کہ اگر ضرورت پڑی تو روس پر پابندیاں لگانے کے لیے امریکا تیار ہے، لیکن یورپ کو بھی اپنا رویہ بدلنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ دنیا کے مختلف حصوں میں امریکی پرچم جلایا جا رہا ہے، جو افسوسناک ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا یورپ اپنی معیشت کی قربانی دینے کو تیار ہے؟ ساتھ ہی کہا کہ امریکا ٹک ٹاک کے معاملے پر چین سے مذاکرات کر رہا ہے، لیکن حتمی فیصلہ چین پر ہے۔
ٹرمپ نے چارلی کرک کے قتل پر جشن منانے والوں کو “بیمار ذہن کے پاگل” قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے خلاف تحقیقات جاری ہیں۔
واضح رہے کہ امریکی وزیر خارجہ نے اسرائیل روانگی سے قبل بیان دیا تھا کہ قطر پر تنقید کے باوجود امریکا اسرائیل کے ساتھ کھڑا ہے۔ ان بیانات سے دوحہ میں غصہ پایا جاتا ہے، کیونکہ قطر نہ صرف امریکا کا اہم اتحادی ہے بلکہ غزہ میں جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی کے لیے ثالثی کا کردار بھی ادا کر رہا ہے۔