اسلام آ باد:
دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ قطر پر اسرائیلی حملہ عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے، پاکستانی قوم برادر ملک قطر کے ساتھ کھڑی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے پریس بریفنگ میں کہا کہ پاکستان غزہ میں اسرائیلی مظالم کی مذمت کرتا ہے، پاکستان تنازع فلسطین کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق چاہتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے اسرائیلی جارحیت کے خلاف قطر کا ہنگامی دورہ کیا، پاکستانی قوم برادر ملک قطر کے ساتھ کھڑی ہے، قطر پر اسرائیلی حملہ عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے، پاکستان اور صومالیہ کی درخواست پر ہنگامی اجلاس بلایا گیا۔
ترجمان نے کہا کہ قطر پر اسرائیلی حملے سے متعلق پاکستان کا ردعمل واضح ہے، پاکستان حملے کی مذمت کرتا ہے اور قطر سے اظہار یکجہتی کرتا ہے، پاکستان ایک ذمہ دار ملک ہے اور دفاع کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے، کسی نے مس ایڈوینچر کرنے کی کوشش کی تو بھر پور جواب دیا جائے گا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ قازقستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ نے پاکستان کا دورہ کیا جس میں مختلف دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا۔
ترجمان نے کہا کہ غیر قانونی افراد سے متعلق ہر ایک ملک پالیسی بناتا ہے، برطانیہ کی جانب سے پاکستان کو کسی فہرست میں شامل نہیں کیا گیا، پاکستان اور برطانیہ کے درمیان متعدد معاہدے ہیں۔