قازقستان کے صدر قاسم جومارت توقایف کا ملک کی زرعی زمینوں کا یونیفائیڈ ڈیجیٹل نقشہ تیار کرنے کا حکم، وزارت برائے مصنوعی ذہانت قائم کرنے کا اعلان

قازقستان کے صدر قاسم جومارت توقایف کا ملک کی زرعی زمینوں کا یونیفائیڈ ڈیجیٹل نقشہ تیار کرنے کا حکم، وزارت برائے مصنوعی ذہانت قائم کرنے کا اعلان

– Advertisement –

آستانہ۔11ستمبر (اے پی پی):قازقستان کے صدر قاسم جومارت توقایف نے ملک کی زرعی زمینوں کا یونیفائیڈ ڈیجیٹل نقشہ تیار کرنے کا حکم دیا ہے۔ کازانفارم کے مطابق صدر قاسم جومارت توقایف نے قوم سے سالانہ خطاب میں زرعی سائنس کی عملی ترقی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سیٹلائٹ مانیٹرنگ اور جیو اینالٹکس کے ذریعے اب تک غیر استعمال شدہ زمینوں کی نشاندہی کر کے انہیں دوبارہ زرعی استعمال میں لایا جا رہا ہے لیکن اس عمل کو مزید مؤثر بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ مصنوعی ذہانت کی مدد سے زمین کی مٹی کے معیار، پیداوار، فصلوں کی حالت اور تقسیم کا جامع تجزیہ کیا جانا چاہیے،یہ عمل جنگلاتی زمینوں پر بھی لاگو ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ شمالی قازقستان کے علاقے میں حال ہی میں 9 ہزار ہیکٹر زمین کو نظرانداز شدہ پایا گیا۔

اس موقع پر انہوں نے ہدایت دی کہ کیڈسٹرل ڈیٹا، معدنی وسائل کے استعمال اور انفراسٹرکچر کی معلومات کو یکجا کر کے زمینوں کا ڈیجیٹل نقشہ تیار کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ زرعی و صنعتی شعبے کی پائیدار ترقی زرعی سائنس کو تیز رفتاری سے فروغ دیے بغیر ممکن نہیں حالانکہ اس مقصد کے لیے بجٹ سے خطیر رقم مختص کی جا رہی ہے لیکن تحقیقی نتائج کا تجارتی استعمال صرف 17 فیصد تک محدود ہے اور اس شعبے کے صرف 40 فیصد گریجویٹس ہی عملی طور پر اس میں کام کرتے ہیں۔

– Advertisement –

توقایف نے واضح کیا کہ زرعی سائنس اور عملی زندگی کے درمیان موجود خلا اب بھی برقرار ہے۔ اس حوالے سے انہوں نے کہا کہ قومی زرعی سائنسی و تعلیمی مرکز کو ایگرو ٹیکنالوجی ہب میں تبدیل کرنے کی ہدایت پہلے ہی دی جا چکی ہے جس کے تحت ایک واضح منصوبہ بندی کے ساتھ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کا اطلاق کر کے پیداوار میں نمایاں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔ صدر توقایف نے مزید اعلان کیا کہ قازقستان میں وزارت برائے مصنوعی ذہانت قائم اور آئندہ تین برسوں میں نایاب ارضی دھاتوں کے منصوبے بھی شروع کیے جائیں گے۔

– Advertisement –