– Advertisement –
اسلام آباد۔12ستمبر (اے پی پی):قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی نے پنجاب میں حالیہ سیلابی تباہ کاریوں پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ تباہ کاریاں بھارتی آبی جارحیت کا نتیجہ ہیں۔سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان میں انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا اور جانی و مالی نقصانات پر افسوس ظاہر کیا۔قائم مقام صدر پاکستان نے کہا کہ سیلاب سے ہزاروں دیہات زیر آب آگئے ہیں اور عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں۔
انہوں نے ملتان اور گردونواح میں سیلابی صورتحال کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے خبردار کیا کہ وبائی امراض کے پھیلنے کا خطرہ ہے۔قائم مقام صدر نے ہدایت کی کہ عوام کو بیماریوں سے بچانے کے لیے فوری طبی امداد فراہم کی جائے اور میڈیکل ٹیموں کی متاثرہ علاقوں تک بروقت رسائی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے غذائی اجناس، صاف پانی اور دیگر ریلیف اشیاء کی فراہمی میں بھی تیزی لانے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ عوام کو مزید نقصانات سے بچانے کے لیے ریلیف آپریشنز میں بہتری لائی جائے اور وفاقی و صوبائی ادارے متاثرین کی مشکلات کم کرنے کے لیے موثر اقدامات کریں۔قائم مقام صدر نے عزم ظاہر کیا کہ حکومت تمام وسائل بروئے کار لا کر متاثرہ عوام کی بھرپور مدد کرے گی اور انہیں مشکل وقت میں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔
– Advertisement –
– Advertisement –