قائم مقام صدرِ مملکت کا ملتان کی تحصیل شجاع آباد کا دورہ،فلڈ ریلیف کیمپ اور متاثرہ علاقوں میں بحالی کا جائزہ لیا

قائم مقام صدرِ مملکت کا ملتان کی تحصیل شجاع آباد کا دورہ،فلڈ ریلیف کیمپ اور متاثرہ علاقوں میں بحالی کا جائزہ لیا

– Advertisement –

ملتان۔ 19 ستمبر (اے پی پی):قائم مقام صدرِ مملکت سید یوسف رضا گیلانی نے جمعہ کے روز ملتان کی تحصیل شجاع آباد کا دورہ کیا۔قائم مقام صدر مملکت شجاع آباد کے علاقے موضع رکن ہٹی میں قائم سیلاب متاثرین کے کیمپ گئے، سیلاب زدگان سے ان کے مسائل اور فراہم کی جانے والی سہولیات بارے دریافت کیا۔انہوں نے متاثرین کےلئے لگائے گئے میڈیکل کیمپ کا بھی دورہ کیا اور ادویات کی کوالٹی اور معیار کو چیک کیا۔اس موقع پر سید یوسف رضا گیلانی نے متعلقہ افسران کو ہدایات دیں کہ متاثرہن کے علاج معالجے اور کھانے پینے کی اشیاء میں کمی نہ ہو۔

ممبر قومی اسمبلی سید عبدالقادر گیلانی،وفاقی وزیر و چیئرمین کشمیر کمیٹی رانا قاسم نون،سابق ممبر صوبائی اسمبلی جاوید انصاری،پاکستان سویٹ ہوم کے سربراہ زمرد خان،محمد نعیم خان ،ضلعی انتظامیہ و پولیس کے اعلیٰ افسران سمیت ،عمائدین علاقہ اور سیاسی و سماجی رہنماؤں کی بڑی تعداد بھی ان کے ہمراہ تھی ۔اس موقع پر اے سی شجاع آباد سیدہ حمیرا شاہ نے متاثرین کی بحالی اور نقصانات کے حوالے سے صدرِ مملکت کو بریفنگ دی۔

– Advertisement –

بریفنگ کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے صدر مملکت سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ حالیہ سیلاب نے تمام علاقوں بالخصوص جنوبی پنجاب کو بہت نقصان پہنچایا ہے،اس سلسلے میں تمام ادارے متحرک ہیں،کیمپوں میں طبی سہولیات سمیت کھانا پینا اور دیگر سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ متاثرین کی بحالی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا اور نقصانات کا ازالہ کیا جائے گا ، سیلاب سے ہونے والی تباہی زیادہ ہے ،متاثرین کو ریلیف فراہم کرنے کےلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

بعد ازاں پاکستان سویٹ ہوم کی جانب سے متاثرین میں کھانا تقسیم کیا گیا ۔قائم مقام صدر مملکت سیلاب متاثرین میں گھل مل گئے اور ان کے ساتھ کھانا بھی کھایا۔اس موقع پر کیمپ میں رہائش پذیر متاثرین نے سید یوسف رضا گیلانی کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا اور انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا ۔

– Advertisement –