فیصل بینک لمیٹڈ نے چینی فن ٹیک ادارے OPay کے ساتھ مل کر 100 ارب روپے سے زائد کی ڈیجیٹل ریٹیل ادائیگیاں مکمل کرکے پاکستان میں بینکنگ اور فن ٹیک شراکت داری کا ایک نیا سنگ میل عبور کر لیا ہے۔
یہ کامیابی نہ صرف فیصل بینک کے جدید وژن کی عکاسی کرتی ہے بلکہ ملک میں کیش لیس معیشت کے فروغ کی جانب ایک اہم قدم بھی ہے۔
یہ مشترکہ کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ جدید ٹیکنالوجی، مؤثر حکمتِ عملی اور مضبوط شراکت داری کے ذریعے محفوظ، تیز اور صارف دوست ڈیجیٹل ادائیگیوں کا نظام ممکن بنایا جا سکتا ہے۔
فیصل بینک نے اس شراکت داری کے ذریعے SME اور ریٹیل سیکٹر میں ڈیجیٹلائزیشن کو فروغ دینے کی اپنی کوششوں کو مزید وسعت دی ہے۔
فیصل بینک کے صدر اور سی ای او یوسف حسین کا کہنا تھا کہ بینک ہمیشہ ایسے حل متعارف کرانے میں پیش پیش رہا ہے جو صارفین، تاجروں اور تمام اسٹیک ہولڈرز کے لیے فائدہ مند ہوں۔ اُن کے مطابق، OPay کے ساتھ اشتراک کا مقصد ایک ایسا مشترکہ فریم ورک تشکیل دینا ہے جو مالیاتی نظام کو مزید مستحکم کرے اور شفافیت و شمولیت کو یقینی بنائے۔
دوسری جانب، OPay کے چیف ایگزیکٹو آفیسر زیب خان نے اس سنگ میل پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فیصل بینک کے ساتھ یہ کامیابی اس شراکت داری کی مضبوطی اور صارفین و کاروباری اداروں کے اعتماد کا مظہر ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ دونوں ادارے مل کر ڈیجیٹل ادائیگیوں کو مزید قابلِ رسائی اور آسان بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔
فیصل بینک اور OPay کی یہ شراکت داری پاکستان کے ڈیجیٹل فنانشل انفرا اسٹرکچر کو مستحکم بنانے، مرچنٹ ڈیجیٹائزیشن کو فروغ دینے، مالی شمولیت بڑھانے اور ایک جدید نان کیش معیشت کے قیام کی جانب ایک بڑا قدم ہے۔