– Advertisement –
اسلام آباد۔18ستمبر (اے پی پی):انسپکٹر جنرل پولیس اسلام آباد خصوصی اقدامات کی ڈائریکٹر عائشہ جمیل کی قیادت میں اسلام آباد ٹریفک پولیس کے ساتھ انٹرن شپ کرنے والے طلباء و طالبات پر مشتمل 15 رکنی فرینڈز آف پولیس وفد نے جمعرات کو ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) کا دورہ کیا جہاں پر انہیں’’ اے پی پی ‘‘کے آپریشنل امور، شعبہ جات کی ورکنگ کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر منیجنگ ڈائریکٹر ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) محمد عاصم کھچی نے وفد کو’’ اے پی پی ‘‘کی افادیت، کردار اور کارکردگی کے حوالہ سے بریفنگ دی۔ اس موقع پر ’’اے پی پی ‘‘کی ڈائریکٹر نیوز شمائلہ عندلیب ،ڈائریکٹر اے پی پی اردو عبدالحمید تبسم ، پروڈکشن انچارج آئی ٹی پی ایف ایم جنید اسحاق، آئی ٹی پی ایجوکیشن ونگ سے انسپکٹر رانا اشتیاق اور پروڈیوسر آئی ٹی پی ایف ایم رابعہ حسین بھی موجود تھیں۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ایم ڈی اے پی پی محمد عاصم کھچی نے کہا کہ’’ اے پی پی ‘‘پاکستان کی واحد نیوز ایجنسی ہے جو مصدقہ اطلاعات پہنچانے کا انتظام کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ڈس انفارمیشن اور مس انفارمیشن پر یقین نہیں رکھتے، ہمارا ادارہ مستند معلومات ملکی اور عالمی ذرائع ابلاغ تک بروقت پہنچانے میں اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔
– Advertisement –
انہوں نے کہا کہ تمام اخبارات آج بھی خبروں کا کریڈٹ’’ اے پی پی ‘‘کو دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’’اے پی پی ‘‘نہ صرف اردو، انگلش، چائنیز، عربی، پشتو، سندھی، سرائیکی، بلوچی، براہوی زبانوں کے علاوہ ویڈیو نیوز ، فوٹو، ڈیجیٹل و سوشل میڈیا سمیت 16 نیوز سروسز فراہم کر رہا ہے۔ محمد عاصم کھچی نے بتایا کہ پاکستان کے تمام بڑے شہروں میں ہمارے 18 دفاتر ہیں اور ہر ضلع میں ہمارا نمائندہ کام کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ’’ اے پی پی ‘‘کے پاس سٹیٹ آف دی آرٹ ڈیٹا سنٹر موجود ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 50 ممالک کے سٹیٹ میڈیا کے ساتھ ہمارے خبروں کے تبادلے کے معاہدے ہیں۔ محمد عاصم کھچی نے بتایا کہ معرکہ حق کے دوران’’ اے پی پی ‘‘کے کردار کا ہندوستان نے بھی اعتراف کیا۔
– Advertisement –