ٹرمپ نے نیو یارک گورنر ہوچول کی ممدانی کی حمایت کو ’شاکنگ‘ قرار دیتے ہوئےٓ کہا یہ نیویارک شہر کے لئے بہت خراب ہے، ساتھی ہی وفاقی فنڈز روکنے کی دھمکی دے دی۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نیو یارک کی گورنر کیتھی ہوچول کی جانب سے پروگریسیو امیدوار ظہران ممدانی کی نیو یارک کے میئر کے لیے حمایت پر سخت تنقید کی ہے۔
ٹرمپ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹروتھ سوشل پر اپنی پوسٹ میں اس حمایت کو ’شاکنگ‘ اور نیو یارک شہر کے لیے ’بہت خراب‘ قرار دیا اور واشنگٹن کو خبردار کیا کہ وہ اس صورتحال پر قریب سے نظر رکھے گا۔
ٹرمپ نے کہا، ”نیو یارک کی گورنر کیتھی ہوچول نے ’لٹل‘ کمیونسٹ ظہران ممدانی کی حمایت کی ہے، جو نیو یارک کے میئر کے لیے امیدوار ہیں۔ یہ ایک بہت ہی حیران کن پیش رفت ہے اور نیو یارک شہر کے لیے بہت خراب ہے۔“
امریکی صدر نے کہا کہ وہ نیو یارک کو وفاقی فنڈز بھیجنے میں احتیاط برت سکتے ہیں، ”کوئی وجہ نہیں کہ ہم بیکار چیزوں پر پیسے خرچ کریں!“
یاد رہے کہ کیتھی ہوچول، جو نیو یارک کی گورنری کے لیے دوسری بار انتخاب لڑ رہی ہیں، نے اتوار کو ظہران ممدانی کی حمایت کی تھی، جو کوئینز سے اسٹیٹ اسمبلی کے رکن ہیں۔
انہوں نے نیو یارک ٹائمز میں اپنے ایک آرٹیکل میں ممدانی کے سستی رہائش کے پروگرام کی تعریف کی لیکن ساتھ ہی کہا کہ وہ ممدانی کے تمام نظریات سے متفق نہیں۔
دوسری جانب، سابق گورنر اینڈریو کووومو بھی میئر کے عہدے کے لیے میدان میں ہیں اور حالیہ پولز میں ممدانی ان سے آگے ہیں۔
وائٹ ہاؤس نے ایریک ایڈمز کو بھی ایک عہدہ دینے کی پیشکش کی ہے تاکہ وہ میئر کے عہدے کے لیے اپنی دوڑ سے دستبردار ہو جائیں، لیکن ایڈمز نے اب تک ایسا نہیں کیا۔
ٹرمپ نے گزشتہ ہفتے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ انہیں لگتا ہے کہ ممدانی میئر منتخب ہو جائیں گے اور اس کو ’بغاوت‘ قرار دیا تھا۔