– Advertisement –
کوئٹہ۔ 15 ستمبر (اے پی پی):صوبائی وزیرِ صحت بلوچستان بخت محمد کاکڑ نے تربت میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی پر ہونے والے بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
اپنے جاری کردہ مذمتی بیان میں وزیرِ صحت بخت محمد کاکڑ نے کہا کہ شہدا قوم کے نڈر سپوت ہیں جنہوں نے ہمیشہ وطن کی بقا، عوام کے تحفظ اور امن کی بحالی کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ قوم کو اپنے ان بہادر جوانوں پر فخر ہے اور ان کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکے گا۔
– Advertisement –
انہوں نے شہدا کے اہلِ خانہ اور لواحقین سے دلی ہمدردی اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومتِ بلوچستان کی جانب سے شہدا کے اہلِ خانہ کو ہر ممکن خیال رکھے گی، جبکہ زخمی اہلکاروں کو فوری اور بہترین طبی امداد دی جا رہی ہے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ ایسے بزدلانہ حملے ہمارے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے۔ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک جدوجہد جاری رہے گی اور واقعے کی مکمل تحقیقات سکیورٹی اداروں کے ساتھ مل کر کرائی جائیں گی تاکہ ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔
آخر میں بخت محمد کاکڑ نے شہدا ءکو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالی شہداء کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبرِ جمیل عطا کرے۔
– Advertisement –