– Advertisement –
اسلام آباد۔15ستمبر (اے پی پی):صدر فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) عاطف اکرام شیخ نے پیر کو اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کا دورہ کیا جس میں سردار طاہر محمود، صدر آئی سی سی آئی، طاہر ایوب، سینئر نائب صدر اور محمد عرفان چوہدری، نائب صدر کو ان کے بلامقابلہ انتخاب پر مبارکباد پیش کی اور ان کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
قبل ازیں آئی سی سی آئی کے صدر سردار طاہر محمود نے سینئر نائب صدر طاہر ایوب اور نائب صدر محمد عرفان چوہدری کے ہمراہ ایف پی سی سی آئی کا خیر سگالی دورہ کیا، دونوں ایوانوں کے درمیان بھائی چارے اور یکجہتی کے اظہار کے طور پر ایف پی سی سی آئی کے صدر کو گلدستہ پیش کیا۔فریقین نے نتیجہ خیز بات چیت کی اور ملک میں کاروبار دوست ماحول کے فروغ کے لیے قریبی رابطہ کاری کے ساتھ کام کرنے کے اپنے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔
– Advertisement –
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایف پی سی سی آئی اور آئی سی سی آئی کی مشترکہ وکالت تاجر برادری کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے اور قومی اور بین الاقوامی سطح پر تجارت اور صنعت کے اجتماعی مفادات کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرے گی۔
ایف پی سی سی آئی اور آئی سی سی آئی کی قیادت نے اس بات پر اتفاق کیا کہ دونوں چیمبرز کے درمیان قریبی تعاون ریگولیٹری رکاوٹوں، کاروبار کرنے کی زیادہ لاگت اور اقتصادی ترقی کی راہ میں حائل دیگر رکاوٹوں سے نمٹنے کے لیے ضروری ہے۔
ایف پی سی سی آئی کے صدر عاطف اکرام شیخ نے حکومت کے ساتھ باہمی تعاون کو مضبوط بنانے اور کاروبار نواز پالیسیوں کی وکالت کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا جو سرمایہ کاری کو فروغ دے سکتی ہیں، صنعتی توسیع کی حوصلہ افزائی کر سکتی ہیں اور علاقائی اور عالمی منڈیوں میں پاکستان کے کردار کو بڑھا سکتی ہیں۔
آئی سی سی آئی کے صدر سردار طاہر محمود نے پاکستان کی معیشت کی پائیدار ترقی اور مسابقت کو یقینی بنانے کے لیے پالیسی میں تسلسل، سرمایہ کاری کے لیے سازگار اصلاحات اور کاروبار کرنے میں آسانی کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد کی تاجر برادری کے زیادہ تر مسائل کپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) سے متعلق ہیں اور ان پر قابو پانے کے لیے ایف پی سی سی آئی اور آئی سی سی آئی مشترکہ طور پر کام کریں گے تاکہ کپیٹل سٹی کو حقیقی معنوں میں قومی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے لیے سرمایہ کاری کے لیے دوستانہ مقام بنایا جا سکے۔اس موقع پر سابق نائب صدر ایف پی سی سی آئی محمد اعجاز عباسی، چیئرمین کپیٹل آفس کریم عزیز ملک ، چیئرمین کوآرڈینیشن ملک سہیل حسین، آئی سی سی آئی کے سابق سینئر نائب صدر خالد چوہدری، ایگزیکٹو ممبر ذوالقرنین عباسی و دیگر بھی موجود تھے۔
– Advertisement –