– Advertisement –
بیجنگ۔14ستمبر (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے چین کے ایوی ایشن انڈسٹری کارپوریشن (AVIC) کے ایئرکرافٹ کمپلیکس کا دورہ کیا، جہاں جے-10 سی لڑاکا طیارے تیار کیے جاتے ہیں۔ اتوار کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت مسلح افواج کے سپریم کمانڈر کی حیثیت سے کمپلیکس پہنچے اور مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا۔ صدر آصف علی زرداری کو جے-10، جے ایف-17 اور جے-20 اسٹیلتھ فائٹرز کے ساتھ ساتھ ڈرونز، خودکار یونٹس اور ملٹی ڈومین آپریشنز کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے انجینئرز اور سائنسدانوں سے بھی ملاقاتیں کیں۔
صدر نے اس موقع پر کہا کہ جے-10 اور جے ایف-17 نے پاک فضائیہ کو مضبوط بنایا ہے اور مئی 2025 کے معرکۂ حق اور آپریشن بنیان المرصوص میں ان طیاروں کی کارکردگی نمایاں رہی ہے۔صدر مملکت نے اے وی آئی سی کو چین کی اعلیٰ ٹیکنالوجی اور پاک-چین اسٹریٹجک شراکت داری کی علامت قرار دیا۔ وہ اس کمپلیکس کا دورہ کرنے والے پہلے غیر ملکی سربراہ ہیں۔ صدر کے ہمراہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، خاتونِ اول آصفہ بھٹو زرداری اور سینیٹر سلیم مانڈوی والا بھی موجود تھے۔
– Advertisement –
اس موقع پر پاکستان کے سفیر برائے چین خلیل ہاشمی اور چین کے سفیر جیانگ ژا ڈونگ بھی شریک تھے۔پاکستان نے دفاعی پیداوار اور ہوا بازی کے شعبے میں چین کے ساتھ تعاون مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ یہ دورہ بھارت کے ساتھ جنگ بندی کے 128ویں دن عمل میں آیا۔
– Advertisement –