صدرِ مملکت آصف علی زرداری کا سنکیانگ اسلامک انسٹی ٹیوٹ کا دورہ، انسٹی ٹیوٹ کے صدر مختیرے سیفو کی و انسٹی ٹیوٹ کی تعلیمی و تربیتی سرگرمیوں سے متعلق بریفنگ

صدرِ مملکت آصف علی زرداری کا سنکیانگ اسلامک انسٹی ٹیوٹ کا دورہ، انسٹی ٹیوٹ کے صدر مختیرے سیفو کی و انسٹی ٹیوٹ کی تعلیمی و تربیتی سرگرمیوں سے متعلق بریفنگ

– Advertisement –

ارومچی۔18ستمبر (اے پی پی):صدرِ مملکت آصف علی زرداری نےسنکیانگ اسلامک انسٹی ٹیوٹ کا دورہ کیا ۔انسٹی ٹیوٹ کے صدر مختیرے سیفو نے صدر کو انسٹی ٹیوٹ کی تعلیمی و تربیتی سرگرمیوں سے متعلق بریفنگ میں بتایا کہ ادارہ مذہبی علما، آئمہ اور خطباء کی تیاری میں اہم کردار ادا کر رہا ہے، انسٹی ٹیوٹ کا مقصد مذہبی تعلیم کو جدید علوم کے ساتھ ہم آہنگ کر کے ایسے طلبہ تیار کرنا ہے جو دین اور معاشرے دونوں کی خدمت کر سکیں ۔

جمعرات کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت کو سنکیانگ اسلامک انسٹیٹیوٹ کے دورے کے دوران بتایا گیا کہ انسٹی ٹیوٹ میں قرآن، حدیث، اسلامی فقہ، عربی اور الہیات(عقائد اسلام) ، تاریخ، کمپیوٹر خواندگی، اخلاقیات اور سائنس سمیت چینی زبان، دیوانی قانون اور علاقائی مذہبی پالیسیوں کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

– Advertisement –

صدر مملکت کو بتایا گیا کہ انسٹی ٹیوٹ کے مرکزی کیمپس میں ایک ہزار طلبہ کے لئے گنجائش موجود ہے جبکہ اس کے ذیلی ادارے سنکیانگ کے دیگر علاقوں میں بھی قائم ہیں۔ ادارے میں مرکزی مسجد، کتب خانہ، لیکچر ہالز، کلاس رومز اور ہاسٹل سمیت جدید سہولیات دستیاب ہیں۔ طلبہ کو دوران تعلیم وظیفہ، رہائش اور دیگر سہولیات فراہم کی جاتی ہیں ۔سال 2001 سے اب تک انسٹی ٹیوٹ کے 28 ہزار سے زائد طلبہ فارغ التحصیل ہو چکے ہیں جو مذہبی، تعلیمی اور انتظامی شعبوں میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔

ادارہ اسلامی متون کے تراجم و اشاعت اور حج کے انتظامات میں بھی معاونت فراہم کرتا ہے ۔صدر مملکت آصف علی زرداری نے انسٹی ٹیوٹ کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان علمی اور ثقافتی روابط دونوں ممالک کے عوام کو قریب لانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔اس موقع پر سینیٹر سلیم مانڈوی والا، پاکستان کے چین میں سفیر اور چین کے پاکستان میں سفیر بھی موجود تھے۔

– Advertisement –