– Advertisement –
اسلام آباد۔19ستمبر (اے پی پی):سینٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی (سی ڈی ڈبلیوپی) خیبر پختونخوا ہیومن کیپیٹل انویسٹمنٹ پراجیکٹ کے نظرثانی شدہ منصوبے کو ایکنیک کوبھجوانے کی سفارش کی ہے، اجلاس میں اسٹرینتھننگ کامن مینجمنٹ یونٹ فار ایڈز، ٹی بی اینڈ ملیریا اینڈ ایکسیلیریٹنگ رسپانس منصوبے کی منظوری دی گئی،اس منصوبہ پر 2 ارب روپے کی لاگت آئیگی۔ سینٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی (سی ڈی ڈبلیوپی) کا اجلاس جمعہ کو یہاں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں صحت اور پانی کے شعبوں کے اہم منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں خیبر پختونخوا ہیومن کیپیٹل انویسٹمنٹ پراجیکٹ کے نظرثانی شدہ منصوبے کو ایکنیک کوبھجوانے کی سفارش کی گئی، اس منصوبہ کی نظرثانی شدہ مجموعی لاگت 18137.420 ملین روپے ہے،یہ منصوبہ عالمی بینک کے خریداری سے متعلق رہنما اصولوں کے مطابق محکمہ صحت خیبر پختونخوا کے تحت ایک آزاد پروجیکٹ مینجمنٹ یونٹ کے ذریعے مکمل کیا جائے گا اور غیر ملکی امداد سے فنڈ کیا جائے گا۔
– Advertisement –
منصوبے کا مقصد پشاور، نوشہرہ، صوابی، ہری پور سمیت 13 اضلاع میں مقامی اور نقل مکانی کرنے والی کمیونٹیز کے لیے بنیادی صحت کی خدمات کی دستیابی اور معیار کو بہتر بنانا ہے،اجلاس میں سٹرینتھننگ کامن مینجمنٹ یونٹ فار ایڈز، ٹی بی اینڈ ملیریا اینڈ ایکسیلیریٹنگ رسپانس منصوبے کی منظوری دی گئی،اس منصوبہ پر 2 ارب روپے کی لاگت آئے گی ، یہ منصوبہ ملک بھر کیلئے ہے جس کا مقصد 2030 تک پاکستان کے پائیدار ترقی کے اہداف کے تحت ایڈز، ٹی بی اور ملیریا کے خاتمے کے لیے ادارہ جاتی نظام کو ہم آہنگ اور مضبوط بنانا ہے،منصوبہ کے تحت مربوط تکنیکی معاون یونٹ صوبوں کو نگرانی، تکنیکی رہنمائی اور استعداد کار میں اضافے کے لیے معاونت فراہم کرے گا۔ اجلاس میں ایشیائی ترقیاتی بینک کی مالی معاونت سے پنجاب میں رسپانسیو، ریڈی نیس اینڈ ریزیلینٹ سیکنڈری ایجوکیشن منصوبے کاجائزہ لیاگیا۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہاکہ صوبائی اور قومی تعلیمی پالیسیوں میں اوائل عمری کی تعلیم کو بنیادی حیثیت حاصل ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ بچوں پر سب سے زیادہ موثر سرمایہ کاری اوائل عمری کی نشوونما کے مرحلے میں ہوتی ہے۔ اگر ہم اس موقع پر ناکام رہے تو بعد کی تعلیم پر جتنا بھی خرچ کیا جائے اس کمی کو پورا نہیں کر سکتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سرکاری سکولوں میں زیر تعلیم ہر بچے کا بنیادی حق ہے کہ اسے معیاری سائنس اور کمپیوٹر لیبارٹریاں میسر ہوں۔ صوبائی حکومتوں کو یہ یقینی بنانا چاہیے کہ سکولوں میں لیبارٹریاں موجود ہوں تاکہ آئندہ نسل کو جدید تقاضوں کے مطابق تیار کیا جا سکے۔ انہوں نے ہدایت دی کہ ان یونین کونسلوں کا گیپ اینالسس کیا جائے جہاں لڑکیوں کے ہائی سکول موجود نہیں ہیں اور ہر یونین کونسل میں ایک گرلز ہائی سکول قائم ہونا چاہیے۔
پروفیسر احسن اقبال نے واضح کیا کہ تعلیم قومی ترجیحات میں سرفہرست ہے لیکن سرکاری سکولوں میں تعلیمی نتائج معیار کے اعتبار سے اخراجات سے مطابقت نہیں رکھتے۔ انہوں نے سخت احتسابی نظام کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ بہترین نتائج کے لیے بہترین صلاحیت کے حامل افراد کی بھرتی ناگزیر ہے۔ سیلاب سے بچائو کے ماسٹر پلان اور ملتان میں سیلابی پانی ذخیرہ کرنے کے نظام پر ابتدائی منصوبے کا جائزہ لیتے ہوئے وزیر منصوبہ بندی نے پنجاب کے محکمہ منصوبہ بندی و ترقی کو ہدایت دی کہ وہ گندے پانی اور سیوریج کے نظام سے متعلق اسکیموں کو ترجیح دیں۔
دریائوں اور زیر زمین پانی میں بڑھتی آلودگی پر تشویش کااظہارکرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انسانی صحت اور معیشت دونوں کے تحفظ کے لیے فوری اقدامات ضروری ہیں،ہمارے دریائوں اور زیر زمین پانی میں آلودگی خطرناک حد تک بڑھ رہی ہے۔ اگر ہم نے گندے پانی کے نظام کو ترجیح نہ دی تو نہ صرف انسانی صحت بلکہ ملکی پیداوار بھی شدید متاثر ہوگی۔ وفاقی وزیر نے ہدایت دی کہ ہر پی سی ون میں واضح نتائج اور قابلِ پیمائش اثرات شامل ہوں۔ انہوں نے کہا کہ شفافیت،احتساب اور نتیجہ خیز منصوبہ بندی کے بغیر ترقیاتی اخراجات مطلوبہ تبدیلی نہیں لا سکتے۔
– Advertisement –