سیکیورٹی فورسز کا لوئر دیر میں فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشن ،بھارتی حمایت یافتہ 10دہشتگرد جہنم واصل،7 جوان شہید

سیکیورٹی فورسز کا لوئر دیر میں فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشن ،بھارتی حمایت یافتہ 10دہشتگرد جہنم واصل،7 جوان شہید

– Advertisement –

راولپنڈی۔13ستمبر (اے پی پی):سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پرخیبرپختونخوا کے علاقے لوئر دیر میں فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کے دوران بھارتی حمایت یافتہ 10دہشتگردوں کو جہنم واصل کر دیا،فائرنگ کے تبادلے کے دوران 7 بہادر جوان شہید ہو گئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے لوئردیر کے علاقے لعل قلعہ میدان میں بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا،

آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نےفتنہ الہندوستان دہشتگردوں کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایااور 10 دہشگردہلاک کر دیئے تاہم فائرنگ کے تبادلے کے دوران سیکیورٹی فورسز کے 7 بہادر سپوت نائیک عبدالجلیل (عمر 39 سال، ضلع شمالی وزیرستان )،نائیک گل جان (عمر 38 سال، ضلع لکی مروت )، لانس نائیک عظمت اللہ (عمر 28 سال، ضلع لکی مروت )، سپاہی عبد المالک (عمر 28 سال، ضلع خیبر )، سپاہی محمد امجد (عمر 27 سال، ضلع ملاکنڈ )، سپاہی محمد داؤد (عمر 23 سال، ضلع صوابی )اور سپاہی فضل قیوم (عمر 21 سال، ضلع ڈیرہ اسماعیل خان ) نے جام شہادت نوش کیا،ان جوانوں نے معصوم شہریوں کی جانیں بچاتے ہوئے قربانی دی جنہیں بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردوں نے یرغمال بنا رکھا تھا۔

– Advertisement –

آئی ایس پی آر کے مطابق خفیہ رپورٹس میں اس بات کی تصدیق ہوئی ہے کہ ان دہشتگرد کارروائیوں میں افغان باشندے بھی ملوث ہیں، پاکستان افغان عبوری حکومت سے توقع رکھتا ہے کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی اور اپنی سرزمین کو پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال نہیں ہونے دے گی۔علاقے میں کسی بھی دوسرے دہشتگرد کو ہلاک کرنے کیلئے فورسز کا کلیئرنس (سینیٹائزیشن) آپریشن جاری ہے ۔آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز پرعزم ہیں کہ بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کو مکمل طور پر ختم کر کے دم لیں گی اوران بہادر جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

– Advertisement –